اقلیتیں پاکستانی معاشرے کا حسن ہیں،حقوق اور تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا: مریم نواز

Aug 11, 2026 | 11:34:AM
 اقلیتیں پاکستانی معاشرے کا حسن ہیں،حقوق اور تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا: مریم نواز
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وطن عزیز کی ترقی و خوشحالی کے لیے کردار ادا کرنے والی تمام اقلیتی برادریوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قائداعظم کے پاکستان میں تمام شہری اپنے اپنے عقائد کے ساتھ محفوظ اور آزاد ہیں۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ اقلیتیں پاکستانی معاشرے کا حسن اور سر کا تاج ہیں، جبکہ اقلیتوں کی عزت، ناموس، تحفظ اور ترقی پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اقلیتوں کی آزادی اور حقوق کے لیے قائداعظم کے افکار پر عمل جاری رکھا جائے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب حکومت اقلیتی برادری کو تعلیم، ترقی اور فلاح و بہبود کا پورا حق دینے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، تاریخ میں پہلی بار پنجاب کو اقلیتی برادری کے لیے ’’مینارٹی کارڈ‘‘ متعارف کرانے کا اعزاز حاصل ہوا، جس کے ذریعے اقلیتی بہن بھائیوں کو سہ ماہی ساڑھے 10 ہزار روپے فراہم کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے سکھ برادری کے لیے پہلا ’’سکھ میرج ایکٹ 2024‘‘ منظور کیا، جس کے بعد ’’آنند کارج‘‘ کو قانونی حیثیت حاصل ہو چکی ہے، اسی طرح طویل عرصے سے زیر التوا ’’ہندو میرج ایکٹ 2017‘‘ کی بھی منظوری دی گئی ہے۔

مریم نواز شریف کے مطابق پنجاب میں اقلیتی برادری کے لیے تعلیم، صحت اور روزگار تک آسان رسائی یقینی بنائی جا رہی ہے،رواں مالی سال اقلیتی برادری کے لیے ترقیاتی و غیر ترقیاتی بجٹ اور مذہبی تہواروں کے لیے گرانٹس میں خاطر خواہ اضافہ کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:اسلام آباد: میڈیا ٹاؤن میں تعمیراتی کام کے دوران شیڈ گرنے سے مزدور جاں بحق

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کے تاریخی گوردواروں، گرجا گھروں اور مندروں کی تعمیر و بحالی بھی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے،اقلیتی طلبہ کے لیے اسکالرشپس اور یوحنا آباد میں لائیو کورسز کا آغاز بھی کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بیساکھی، ہولی، دیوالی، کرسمس اور ایسٹر اب سرکاری سطح پر بھرپور طریقے سے منائے جاتے ہیں جبکہ صوبے میں اقلیتی کوٹہ سسٹم پر من و عن عمل کیا جا رہا ہے۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ ہم اقلیتوں کے حقوق کے نہ صرف محافظ ہیں بلکہ انہیں ہر میدان میں ان کا جائز حصہ دینے کے لیے بھی پرعزم ہیں، پنجاب تیزی سے ایسے معاشرے کی طرف بڑھ رہا ہے جہاں محبت اور رواداری اس کی پہچان بنے گی۔

انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ اقلیتیں پاکستان کے دلکش رنگ ہیں اور ان رنگوں کو کبھی ماند نہیں پڑنے دیں گے۔