اقتدار کے پانچ سال آسان نا تھے، سازشیں کرنے والوں کو شکست دی، وزیراعلیٰ سندھ

Aug 11, 2023 | 19:27:PM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ حکومتی مدت مکمل کرکے عزت سے اپنی عوام کے پاس جارہے ہیں، تین ماہ کے بعد واپس آئیں گے اور پھر خدمت کا سلسلہ شروع کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ گورنر سندھ کو آج ہی اسمبلی تحلیل کرنے کی ایڈوائس بھجواؤں گا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سندھ کابینہ کے الوداعی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا آصف زرداری اور بلاول بھٹو کا شکرگزار ہوں جنھوں نے میری رہنمائی کی۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ سندھ میں 2022ء کے سیلاب کی تباہی دیکھ کر ہمت ہار چکا تھا، سیلاب سے نمٹنے کیلئے سندھ کابینہ کی محنت سے سب ممکن ہوا، ہم نے ریکارڈ ترقیاتی کام کرائے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: گورنر خیبرپختونخوا نے نگران کابینہ کے استعفے منظور کر لیے

مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم نے سیلاب متاثرین کی دل سے بھرپور خدمت کی ہے، چیئرمین پی پی کی ہدایات پر سیلاب متاثرین کو گھر بنا کر دے رہے ہیں اور گھروں کے مالکان کو ٹائٹل بھی دے رہے ہیں۔

سندھ کابینہ کا الوداعی فوٹو سیشن

انھوں نے تھر میں کوئلے اور بجلی کی پیداوار کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی مدت مکمل کرکےعزت سے اپنی عوام کے پاس جارہے ہیں، ووٹرز ہمارے صرف سپورٹرز نہیں بلکہ وہ ہمارے بھائی بہن ہیں، ہم 3 ماہ کے بعد واپس آئیں گے اور پھر خدمت کاسلسلہ شروع کریں گے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کابینہ، بیوروکریسی اور وزیراعلیٰ ہاؤس کے عملے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چیف سیکریٹری سہیل راجپوت اور سابق چیف سیکریٹری ممتاز شاہ کا شکرگزار ہوں۔