اسلام آباد میں امریکا اور ایران مذاکرات، 2 ادوار مکمل، ورکنگ ڈنر جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز )اسلام آباد میں امریکا اور ایران کے مذاکرات میں پاکستان ثالث کی حیثیت سے شریک ہے جہاں دو ادوار پر مشتمل باضابطہ مذاکرات اب تک مکمل ہوچکے ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں امریکی اور ایرانی وفود کے درمیان علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں ہوئیں، دوسرے مرحلے میں امریکی اور ایرانی وفود کے درمیان براہِ راست مذاکرات شروع ہوئے۔
نائب امریکی صدر جے ڈی وینس، اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر نے ایرانی وفد سے ملاقات کی، امریکی وفد نے محمد باقر قالیباف اور عباس عراقچی سے براہِ راست بات چیت کی، ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات فیلڈ مارشل عاصم منیر کی موجودگی میں ہوئی۔
اس وقت دونوں وفود کے درمیان ورکنگ ڈنر جاری ہے، ورکنگ ڈنر کے بعد تیسرے مرحلے کے تکنیکی مذاکرات شروع ہوں گے، تکنیکی مذاکرات میں دونوں جانب کے سینیئر حکام شریک ہوں گے، مذاکرات میں تفصیلات اور باقی معاملات پر بات کی جائے گی، ذرائع نے بتایا کہ اب تک مذاکرات کا مجموعی ماحول مثبت رہا ہے، نتائج بھی مجموعی طور پر حوصلہ افزا قرار دیے جا رہے ہیں۔
مذاکرات سے قبل ایران اور امریکا کے وفود نے وزیر اعظم شہباز شریف سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں علاقائی اور عالمی امن کی صورتِ حال پر غور کیا گیا، 1979 کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان براہِ راست اعلیٰ ترین سطح پر بیٹھک ہوئی ہے۔
ان مذاکرات کے لیے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کی قیادت میں امریکی وفد اور ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف کی قیادت میں ایرانی وفد اسلام آباد پہنچا۔
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل عاصم منیر، وزیر داخلہ محسن نقوی اور دیگر حکام نے مہمانوں کا دارالحکومت میں خیر مقدم کیا ۔ امریکی وفد میں نمائندہ خصوصی اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر شامل ہیں، ایرانی وفد میں وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں :پاکستان ائیر فورس کا سکواڈرن سعودی عرب پہنچ گیا