ذہنی صحت کے عالمی دن پر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں آگاہی سیمینار 

 ذہنی بیماریوں کی بروقت تشخیص اور علاج انتہائی اہم ہے،وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل

Oct 10, 2025 | 16:07:PM
ذہنی صحت کے عالمی دن پر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں آگاہی سیمینار 
کیپشن: سیمینارکے شرکاء
سورس: 24 News
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)ذہنی صحت کے عالمی دن پر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی لاہورمیں آگاہی سیمینار کا انعقادکیاگیا۔
فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی لاہورشعبہ نفسیات کے زیر اہتمام پروفیسر عائشہ راشد کی سربراہی میں ہونےوالے آگاہی سیمینار میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل نے بطور سرپرست اعلٰی، ایم این اے شائستہ پرویز ملک نے بطور چیف گیسٹ اور پارلیمانی سیکرٹری رشده لودھی نے بطور گیسٹ آف آنر شرکت کی، اس موقع پر ڈاکٹرثاقب باجوہ سمیت  مختلف اداروں کے معروف ماہرِ نفسیات  بھی بطور گیسٹ سپیکر زشریک ہوئے۔
ذہنی صحت کے عالمی دن 2025 کا عنوان ’’ مشکلات اور ہنگامی صورت حال میں دماغی صحت کی دیکھ بھال‘‘ہے، سیمینار کا بنیادی مقصد ذہنی صحت کو عالمی ترجیح بنانا ہے۔
 استقبالیہ خطاب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل نے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے واضح کیا کہ ذہنی صحت کا خیال بہت ضروری ہے اور اسی کی بدولت بھرپور زندگی گزارنے اور معاشروں میں مثبت کردار ادا کرنے میں مدد ملتی ہے، ذہنی امراض سے بچنے کے لیے ضروری ہے کہ ہمیں اپنے پروردگار اور قرآن سے مضبوط رشتہ قائم کرنا چاہیے، ذہنی بیماریوں کی بروقت تشخیص اور علاج انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے شعبہ نفسیات فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کی کاوشوں کو سراہا اور مستقبل میں شعبہ نفسیات کو مزید بہتر بنانے کا عزم بھی کیا۔
رشدہ لودھی نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل کا شکریہ ادا کرتے ہوئےکہاکہ ذہنی صحت ایک اجتماعی مسئلہ ہے جس سے ارد گرد کے لوگ بھی متاثر ہوتے ہیں، یہ ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے کہ عوام میں ذہنی مسائل سے متعلق اگاہی اجاگر کریں اور ذہنی صحت کی بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، مریض اور معالج کے درمیان ایک اعتماد کا رشتہ قائم ہونا چاہیے، وزیراعلی پنجاب کی سربراہی میں ڈسٹرکٹ اور ٹرشری سطح پر مینٹل ہیلتھ سینٹر زکا قیام خوش آئند ہے۔

یہ بھی پڑھیں:مقررہ فیسوں پر عملدرآمد نہ کرنیوالے میڈیکل کالجز کیخلاف کارروائی کا اعلان
  مہمان خصوصی شائستہ پرویز ملک  نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل کا شکریہ ادا کیااورکہاکہ تناؤ کی شرح بہت تیزی سے بڑھ رہے ہیں، نوجوان پاکستان کے مستقبل کی تعمیر و ترقی میں انتہائی اہم ہیں، ذہنی صحت معذوری کا سب سے بڑا عنصر بنتا جا رہاہے ، ذہنی بیماری انسان کو اندر ہی اندرکھا جاتی ہےلہٰذا ایک دوسرے کے دکھ بانٹیں،سہارا بنیں اور دوسروں کے ساتھ ہمدردی کی مظاہرہ کریں، مریضوں سے پیاراور محبت اور ہمدردی سے پیش آئیں اور لوگو ں کے لیے امید کی کرن بنیں، بڑھتے ہوئے ذہنی امراض کے پیش نظر ہمارے معاشرے کو ذہنی بیماروںکی روک تھام کے لیے زیادہ سے زیادہ معالجین کی ضرورت ہے، انہوں نے نصیحت کی کہ اپنے رشتہ داروں اور دوستوں کے ساتھ تعلقات کو مضبوط رکھیں ۔
اس موقع پر پرنسپل پروفیسر بلقیس شبیر، پروفیسر عمران اسلم، پروفیسر محمد ندیم ، ڈاکٹروردہ اشرف، ڈاکٹر ارم عامر سمیت دیگر فیکلٹی ممبران ، انڈر گریجویٹ  طالبات اور نرسز کی کثیر تعداد نے بھی شرکت کی،سیمینار کے اختتام پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل نے چیف گیسٹ شائستہ پرویز ملک اور رشده لودھی میں اعزازی شیلڈز تقسیم کیں ۔