سلمان خان کے ساتھی اداکار اور بھارتی باڈی بلڈر ورندر گھمن چل بسے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)بھارت کے نامور باڈی بلڈر اور اداکار ورندر سنگھ گھمن 42 برس کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے سے چل بسے۔
ان کی وفات امرتسر کے فورٹیس اسپتال میں ہوئی، جہاں وہ ایک معمولی بائسپس سرجری کے لیے داخل ہوئے تھے۔
گھمن کے اہل خانہ اور منیجر نے ان کی وفات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں ابتدائی طور پر کندھے میں درد کی شکایت تھی، جس کے بعد وہ ہسپتال لائے گئے تھے۔
ورندر سنگھ گھمن کا شمار بھارت کے مایہ ناز باڈی بلڈرز میں ہوتا تھا، ان کا تعلق پنجاب کے ضلع گرداسپور سے تھا۔
انہوں نے 2009 میں ’مسٹر انڈیا‘ کا اعزاز حاصل کیا، جبکہ ’مسٹر ایشیا‘ مقابلے میں دوسری پوزیشن حاصل کر کے بین الاقوامی سطح پر بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
گھمن کو دنیا کا پہلا مکمل سبزی خور (ویجیٹیرین) پیشہ ور باڈی بلڈر ہونے کا اعزاز بھی حاصل تھا، جس پر وہ فخر محسوس کرتے تھے۔
2013 میں ہالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار اور باڈی بلڈر آرنلڈ شوارزینیگر نے گھمن کو ایشیا میں اپنی مصنوعات کا برانڈ ایمبیسیڈر مقرر کیا، جو ان کے کیریئر کا ایک اہم سنگ میل تھا۔
ورندر سنگھ گھمن نے 2012 میں پنجابی فلم ’کبڈی ونس اگین‘ سے فلمی دنیا میں قدم رکھا۔
اس کے بعد وہ 2014 میں ہندی فلم ’روئر: ٹائیگرز آف دی سندربنز‘ اور 2019 میں ’مر جاواں‘ میں بھی جلوہ گر ہوئے۔
ان کی آخری فلمی پیشکش 2023 کی بلاک بسٹر فلم ’ٹائیگر 3‘ تھی، جس میں انہوں نے سلمان خان کے ساتھ کام کیا۔