صدر،وزیراعظم اور وزیر داخلہ کا ہشتگردوں کیخلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین
Stay tuned with 24 News HD Android App
(اویس کیانی) صدر مملکت آصف علی زرداری،وزیراعظم شہبازشریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
صدرِ مملکت نے انٹیلی جنس کی بنیاد پر شمالی وزیرستان اور درہ آدم خیل میں کی گئی کارروائیوں میں کامیابی کو قوم کے عزم و استقلال کا مظہر قرار دیا۔صدر مملکت کا اپنے بیان میں کہناتھا کہ فتنۂ الخوارج اور اس کے بھارت نواز سہولت کار پاکستان کے امن و استحکام کے دشمن ہیں۔وطنِ عزیز سے بیرونی پشت پناہی میں سرگرم دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ قومی اتفاقِ رائے سے کیا جارہا ہے۔صدر آصف علی زرداری نے شہداء کو خراجِ عقیدت اور سیکیورٹی فورسز کے عزم و حوصلے کو خراجِ تحسین پیش کیا۔“عزمِ استحکام” کے تحت دہشت گردی کے ناسُور کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی.
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ملک کی حفاظت کی خاطر سیکیورٹی فورسز سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی ہیں ۔پوری قوم سیکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتی ہے۔ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔
وزیرداخلہ محسن نقوی کا اپنے بیان میں کہناتھا کہ سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائیاں کرکے خیبرپختونخوا میں خوارجیوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا۔ 20 دہشتگردوں کو جہنم رسید کرنے پر سکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتا ہوں ۔ سکیورٹی فورسز کے افسروں اور جوانوں کی بہادری اور پروفیشنل ازم پر فخر ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہاکہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز نے نمایاں کامیابیاں سمیٹی ہیں۔ خیبرپختونخوا میں قیام امن کیلئے سکیورٹی فورسز پرعزم ہیں ۔