انصاف پر مبنی فیصلے ہوتے تو بانی آج جیل میں نہ ہوتے:بیرسٹر گوہر

Mar 10, 2026 | 19:49:PM
انصاف پر مبنی فیصلے ہوتے تو بانی آج جیل میں نہ ہوتے:بیرسٹر گوہر
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ ہماری سب کی خواہش ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی جلد ہو۔ اگر انصاف کے مطابق فیصلے ہوتے تو ابھی تک بانی کی رہائی ہو چکی ہوتی۔

اڈیالہ روڈ داہگل ناکہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ہائی کورٹ بیسیوں مرتبہ گئے مگر شنوائی نہ ہو سکی، فیملی باہر کھڑی ہے آپ وکلاء کو بھی ملنے دیجیے۔ 

انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ میسج دیا گیا تھا کہ وزیراعظم جب اسمبلی آئیں گے تو ملاقات ہوگی۔ رانا ثنا اللّٰہ آئے مگر ملاقات نہیں ہوسکی، بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ مذاکرات کےلیے ماحول بھی ہونا چاہئے، ملاقاتیں ہوں یا مذاکرات سنجیدگی ضروری ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت کے حوالے سے بات نہیں ہو رہی، مذاکرات کےلیے کوئی شرائط نہیں، ہم نے ہمیشہ تحفظات کا اظہار کیا۔

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ پیٹرول کا اسٹاک حکومت کے پاس ہوتا تو ایسے حالات نہ ہوتے، آپ زوم پر کام کروالیں مگر اپنی شاہ خرچیاں بند کریں۔ آپ چند لیڈروں کو بریف کرنے کی بجائے ایوان کو بریف کر دیں، انہوں نے کہا کہ پیٹرول کی قیمت بڑھادی، نیٹ میٹرنگ ختم کردی آپ خدارا خیال کرو۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ مئی 2025 میں بھی پاکستان کے ساتھ کھڑے ہوئے۔پی ٹی آئی خطے کے حوالے سے موقف دے چکی جو پاکستان کے دشمن ہیں وہ دہشت گرد ہیں۔ افغانستان سے کہا تھا پراکسی نہ بنے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے ہمارے مطالبات کے باوجود اپنی پالیسی اسٹیٹمنٹ نہیں دی، ہم نے کہا تھا افغانستان کے لوگوں کو تھوڑا سا وقت دیں تاکہ یہاں سے جا سکیں، بیرسٹر گوہر نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے 14 نکات پر من و عن عمل ہونا چاہئے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارا موقف ہے کہ اس وقت کی صورتحال میں بھارت افغانستان کے پیچھے کھڑا ہے، قونصل خانون کی آڑ میں بھارت دہشت گردی کروا رہا ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ہم ایران پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں، ہم ایران سے بھی کہتے ہیں کہ وہ مسلم ممالک پر حملے نہ کرے۔ ہم نے بطور پارٹی ایران سے درخواست کی کہ مسلم ممالک کو نشانہ نہ بنائے۔

یہ بھی پڑھیں :چیف منسٹر مریم نے تمام وزراء کیلئے سرکاری پٹرول بند کر دیا