مونکی پوکس کے جراثیم کا شکار ہونے والے دوسرے مریض کے جاں بحق ہو جانے کی تصدیق

Feb 10, 2026 | 16:34:PM
مونکی پوکس کے جراثیم کا شکار ہونے والے دوسرے مریض کے جاں بحق ہو جانے کی تصدیق
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(بابر شہزاد تُرک) پاکستان میں مونکی پوکس کے جراثیم کا شکار ہونے والے دوسرے مریض کے جاں بحق ہو جانے کی  اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ 

 فیصل آباد سے تعلق رکھنے والا ایچ آئی وی اور ہیپاٹائٹس بی اور  سی کا مریض پمز اسلام آباد میں مونکی پوکس کے علاج کے دورانِ جاں بحق ہو گیا۔

اس مریض  میں مونکی پوکس کی مقامی فرد سے  منتقلی کے شواہد سامنے آئے ہیں۔

 24 نیوز کو موصول ہونے والی تفصیلات کے مطابق پاکستان میں مونکی پوکس کی وجہ سے دوسرے مریض کے فوت ہونے کی تصدیق ہو گئی ہے۔

  اسلام آباد کے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز  کے حکام نے بتایا کہ فیصل آباد سے تعلق رکھنے والا 53 سالہ شخص، جو ایچ آئی وی (ایڈز) کا مریض تھا اور اس کے ساتھ ساتھ ہیپاٹائٹس بی اور سی میں بھی مبتلا تھا اسے   پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) اسلام آباد میں سنگین صورتحال میں لایا گیا، وہ اس وقت مونکی پوکس سے متاثر تھا۔ اور ایڈز کی وجہ سے اس کا مدافعتی نظام از حد کمزور تھا۔  گزشتہ ہفتے کے دن  دورانِ علاج یہ مریض انتقال کر گیا۔

اس مریض کو ایک ماہ سے شدید نوعیت کے جلد اور اعضائے مخصوصہ کے زخم لاحق تھے۔ ان زخموں کا علاج نہ ہو پانے کے باعث اسے پمز منتقل کیا گیا جہاں وہ ہفتے کے روز دم توڑ گیا۔

یہ بھی پڑھیئے: ایپل کے نئے آئی فون 17 ای کی حیران کن قیمت سامنے آگئی 

 حکام کا کہنا ہے کہ مریض کی کوئی حالیہ بیرونِ ملک سفر کی ہسٹری  موجود نہیں تھی، جس سے ملک میں مونکی پوکس کے پھیل چکا ہونے کے خدشات مزید بڑھ گئے ہیں۔ 

 مریض کا مدافعتی نظام انتہائی کمزور تھا اور اس کا سی ڈی فور کاؤنٹ بہت کم سطح پر تھا، جس کے باعث وہ بیماری کی شدید پیچیدگیوں کا شکار ہوا، بتایا گیا ہے کہ مریض کا چند ماہ قبل ہی اینٹی ریٹرو وائرل علاج شروع کیا  گیاتھا۔

وفاقی وزارت صحت اور نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ کے مطابق گزشتہ برس پاکستان میں مونکی پوکس کے 53 مصدقہ کیسز رپورٹ ہوئے۔ ان میں سے بیشتر کی نشاندہی داخلی نگرانی اور ہسپتالوں کے ذریعے کی گئی۔ 

ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ مونکی پوکس قریبی جسمانی رابطے سے پھیلتا ہے اور کمزور مدافعتی نظام رکھنے والے افراد میں بیماری زیادہ خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔  متاثرہ مریض کے ساتھ قریبی رابطے میں رہنے والے فیملی کے افراد  کی ٹریسنگ کی جا رہی ہے جبکہ ڈاکٹروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ جلد پر کسی بھی جگہ غیر معمولی زخموں کی صورت میں مونکی پوکس کے خدشہ کو کو مدِنظر رکھا جائے اور مریض کے ضروری ٹیسٹ کے انتظامات کئے جائیں۔

یہ بھی پڑھیئے: عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں بڑی کمی