میڈیکل کی طالبہ کی مبینہ خودکشی پر پی ایم ڈی سی کا سخت کارروائی کا اعلان،رپورٹ طلب

Apr 10, 2026 | 22:00:PM
میڈیکل کی طالبہ کی مبینہ خودکشی پر پی ایم ڈی سی کا سخت کارروائی کا اعلان،رپورٹ طلب
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(بابر شہزاد تُرک)میرپورخاص میں میڈیکل کی 21 سالہ طالبہ فہمیدہ لغاری کی مبینہ خودکشی کے واقعہ پرپاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل  نے سخت کارروائی کا اعلان کیا ہے اور سندھ حکومت سے شفاف اور تفصیلی تحقیقاتی رپورٹ طلب کر لی ہے، جبکہ متعلقہ کالج کے مکمل ریکارڈ کی فراہمی کی بھی ہدایت کی گئی ہے، کونسل کے صدر پروفیسر رضوان تاج نے طالبہ کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ہراسانی کے الزامات کی سخت مذمت کی ہے۔

 پی ایم اینڈ ڈی سی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق کونسل کے صدر پروفیسر رضوان تاج  نے کہا ہے کہ اگر الزامات ثابت ہوئے تو میڈیکل کالج کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی اور ذمہ دار فیکلٹی ممبران اور ادارے دونوں کے خلاف سخت قدم اٹھایا جائے گا، پی ایم اینڈ ڈی سی  نے واضح کیا ہے کہ ہراسانی، دھمکیوں اور بدعنوانی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، تمام میڈیکل و ڈینٹل کالجز میں انسداد ہراسانی کمیٹیاں قائم ہونا لازمی ہیں، انہوں نے یہ بھی کہا کہ طلبہ براہِ راست کونسل کی ہراسانی کمیٹی میں شکایات درج کرا سکتے ہیں۔

 دوسری جانب میرپورخاص میں میڈیکل کی طالبہ فہمیدہ لغاری کی مبینہ خودکشی کے بعد پانچ افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جن میں ایک کالج کے پرنسپل، ان کی اہلیہ، ایک لیکچرار اور دو طلبہ شامل ہیں۔ یہ کارروائی مبینہ طور پر ہراسانی اور ادارہ جاتی دباؤ کے الزامات کی بنیاد پر کی گئی ہے، پولیس کے مطابق 21 سالہ طالبہ فہمیدہ لغاری کی موت کے حوالے سے مقدمہ درج کیا گیا ہے، جس میں ہراسانی اور خودکشی پر اکسانے کی دفعات شامل کی گئی ہیں، مقدمے میں نامزد افراد میں کالج کے پرنسپل تنویر عالم، ان کی اہلیہ پروفیسر فرزانہ، فارمیسی کے لیکچرار عابد لغاری اور دو طلبہ شامل ہیں، پولیس کا کہنا ہے کہ یہ مقدمہ مرحومہ طالبہ کے چچا کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، شکایت میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ لیکچرار اور دو طلبہ طالبہ کو بلیک میل کر رہے تھے، مزید کہا گیا ہے کہ اس معاملے کی متعدد بار اطلاع کالج کے پرنسپل اور ان کی اہلیہ کو دی گئی، تاہم انہوں نے کارروائی کرنے کے بجائے طالبہ پر شکایت واپس لینے کے لیے دباؤ ڈالا، شکایت کے مطابق جب طالبہ نے الزامات واپس لینے سے انکار کیا تو اسے کالج سے نکالنے کی دھمکیاں دی گئیں اور مزید ہراسانی کا سامنا کرنا پڑا۔

دیگر کیٹیگریز: پاکستان
ٹیگز: