ڈیرہ اسماعیل خان: سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 7 خوارج جہنم واصل، میجر سبطین شہید

پوری قوم افواج کے شانہ بشانہ ہے:وزیراعظم،قوم کو میجر سبطین جیسے سپوتوں پر ناز ہے:محسن نقوی، خراج عقیدت پیش

Oct 09, 2025 | 11:27:AM
ڈیرہ اسماعیل خان: سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 7 خوارج جہنم واصل، میجر سبطین شہید
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز) سکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان میں آپریشن کرتے ہوئے 7 خوارج جہنم واصل کر دیئے، فائرنگ کے تبادلہ میں ایک میجر شہید ہو گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ڈی آئی خان کے علاقے درابن میں انٹیلی جنس معلومات پر آپریشن کیا، انڈین پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے خوارج کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی۔

پاک فوج کے ترجمان نے بتایا ہے کہ ہلاک خوارج دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے، مارے گئے دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا، علاقے علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

ترجمان پاک فوج کی جانب سے یہ بھی بتایا گیا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں شہید ہونے والے30سالہ میجر سبطین حیدر کا تعلق کوئٹہ سے تھا، میجر سبطین نے بہادری سے دستے کی قیادت کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، پاک فوج کے بہادر سپوتوں کی قربانیاں قوم کے حوصلے بلند کر رہی ہیں۔

ڈی آئی خان کے علاقے درابن میں دہشتگردوں کیخلاف آپریشن میں شہید ہونے والے میجر سبطین حیدر کی نماز جنازہ ادا  کردی گئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق میجر سبطین حیدر شہید کی نماز جنازہ چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں ادا کی گئی،وزیرعظم شہبازشریف، فیلڈمارشل  سیدعاصم منیر، وزیر اطلاعات، فوجی و سول افسران اور عوام نے نمازجنازہ میں شرکت  کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہید کا جسد خاکی آبائی علاقے روانہ کردیاگیا،شہید کو فوجی اعزاز کےساتھ آبادئی علاقے میں سپرد خاک کیا جائے گا۔ 

وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے ڈیرہ اسماعیل خان میں سات خارجیوں کو جہنم رسید کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پذیرائی کی اور دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملاتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے میجر سبطین حیدر کو خراج عقیدت پیش کیا۔

وزیرِاعظم نے شہید کی بلندی درجات اور ان کے اہل خانہ کے لیے صبر کی دعا کی۔

شہباز شریف نے کہا کہ افواج پاکستان کے بہادر افسران و جوان دن رات ارض وطن حفاظت میں مصروف عمل ہیں، پوری قوم کو اپنی بہادر افواج کے افسران و جوانوں پر فخر ہے۔

وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی کے عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے، پوری قوم افواج کے شانہ بشانہ ہے۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کے خلاف دلیری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے میجر سبطین حیدر کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ میجر سبطین حیدر نے جان دے کر بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا، شہید میجر سبطین حیدر نے اپنے خون سے شجاعت اور جرات کی تاریخ لکھی، قوم کو میجر سبطین جیسے سپوتوں پر ناز ہے، سلیوٹ کرتے ہیں۔