804 تسبیح والا آئے گا،یہ تمام ترامیم ملیا میٹ ہو جائیں گی، اس کے آنے کی دیر ہے بس ؛سینیٹر نور الحق قادری
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹرنورالحق قادری کا27ویں ترمیم پر کہناتھا کہ علامہ اقبالؒ کا آج یوم پیدائش ہے، علامہ اقبال کے خواب والے پاکستان کے ساتھ ہم کیا کرنے جا رہے ہیں؟ ان کاکہناتھا کہ 804 تسبیح والا آئے گا،یہ تمام ترامیم ملیا میٹ ہو جائیں گی، اس کے آنے کی دیر ہے بس ۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹ اجلاس میں ستائیسویں آئینی ترمیم پر اپوزیشن کی طرف سے بحث جاری ہے۔حکومتی وزراء اور سینیٹرز کی عدم موجودگی کے باعث بینچز خالی ہیں۔ایوان میں حکومتی سینیٹرز میں سے افنان اللہ اور پرویز رشید موجودہیں۔
پی ٹی آئی سینیٹر حامد خان نے ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ اس طرح سے آئینی ترامیم نہیں لائی جاتی ہیں۔تمام سیاسی جماعتوں سے اتفاق رائے کے ساتھ آئینی ترمیم لائی جاتی ہے۔ جنہوں نے پہلے آئین بنایا تھا انہوں نے تمام جماعتوں کو اعتماد میں لیا تھا ۔اٹھارویں ترمیم میں آئین کو بحال کیا گیا۔
حامد خان کاکہناتھا کہ چھبیسویں آئینی ترمیم آئین کی موت تھی۔ستائیسویں آئینی ترمیم آئین کو دفن کرنے کیلئے لائی جارہی ہے۔چھبیسویں اور ستائیسویں آئینی ترمیم ہمارے لیے باعث شرم ہے ،ہم آج آئین کو مسخ کرنے جارہے ہیں۔
پی ٹی آئی سینیٹر اعظم سواتی نے ایوان بالا میں اظہار خیال کرتے ہوئے کرتے ہوئے کہاکہ ہم آئین اور قانون کے ساتھ بہت بڑی زیادتی کرنے جا رہے ہیں،یہ کالا بل ہے،جب سپریم کورٹ پر چڑھائی ہوئی تھی اسے نہیں بھولنا چاہیے۔ان کاکہناتھا کہ یہ بل عجلت میں بنا ہے ، یہ قومی مفاد میں نہیں،عدلیہ کا جنازہ نکل رہا ہے،اب عدلیہ نہیں کہہ سکتی کہ وہ آزاد ہو گی،ہم اب کہاں داد رسی کیلئے جائیں گے،آپ ایک دن کہیں گے ہم نے بہت بڑی غلطی کی۔یہ نہیں کہ بار بار ایوان کو کھلواڑ بنا کر آئین کی رو کو تباہ کیا جائے،اب نئی عدلیہ کی باڈی تخلیق پائے گی،میں آئینی ترمیم کو مکمل طور پر مسترد کرتا ہوں۔
پی ٹی آئی ارکان سینیٹ میں بانی پی ٹی آئی کی تصاویر لے آئے۔لیگی سینیٹر ناصر بٹ نے کہاکہ میں کل یہاں ہیرے اور گھڑی کی تصویر لگاؤں گا،
سینیٹر سرمد علی نے کہاکہ رولز کے مطابق کسی کی تصویر ایوان میں نہیں لگائی جا سکتی، ڈپٹئ چئیرمین نے رولنگ بھی دی تھی ایوان میں پلے کارڈ اور تصاویر نہیں لائی جا سکتی۔
پی ٹی آئی سینیٹر نورالحق قادری نے سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ اس ترمیم سے عدلیہ کی آزادی پر حملہ کیا گیا، پرویز رشید صاحب سلجھی ہوئی گفتگو کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ آپ بات شروع کرتے ہیں تو ایک بندے کی رہائی اور گرفتاری پر کرتے ہیں، ہم کرتے ہیں اور کرتے رہیں گے، اس ترمیم سے آپ آزاد عدلیہ کو گرفتار کر رہے ہیں۔
نورالحق قادری نے کہاکہ علامہ اقبالؒ کا آج یوم پیدائش ہے، علامہ اقبال کے خواب والے پاکستان کے ساتھ ہم کیا کرنے جا رہے ہیں؟ ان کاکہناتھا کہ 804 تسبیح والا آئے گا،یہ تمام ترامیم ملیا میٹ ہو جائیں گی، اس کے آنے کی دیر ہے بس ۔
سینیٹر سیف اللہ آبرو کا کہناتھا کہ یہ قانون سازی کوئی پہلی بار نہیں ہوئی، میں تو حکومت کو کہتا ہوں آپ مزے کریں اور اس کو پاس کروائیں، چند گھنٹوں کی بات ہے ترمیم پاس ہو جائے گی، آپ اپوزیشن کو بولنے دیں، آپ اپنا کام کریں ترمیم لائیں، ہمارے پارلیمانی لیڈر نے اس پر بات کی ہے اور سمندر کو کوزے میں بند کر دیا، اب میں بات کروں گا تو کوزے کا ڈھکن کھل جائے گا اور سیلاب آ جائے گا، لڑائی ہو جائے گی، ان کاکہناتھا کہ حکومت کے سارے لوگ ہمارے پارلیمانی لیڈر سے خوش ہیں، حکومت قانون سازی کرتی ہے، میں حلف اٹھاتا ہوں کہ میرا لیڈر ایماندار ہے، آپ بھی حلف دیں کہ آپ کا لیڈر ایماندار ہے، ان کاکہناتھا کہ ضیاالحق ان کا باپ ہے جنہوں نے 1985 میں سیاست شروع کی، عمران خان کا باپ ضیاالحق نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم کا اتحادی جماعتوں کے اعزاز میں عشائیہ ،بڑی سیاسی جماعت کا شرکت سے انکار،وجہ سامنے آ گئی