پاکستان عالمی سطح پر موثر ’’مڈل پاور ‘‘ بن گیا ہے :ایشیا ٹائمز
Stay tuned with 24 News HD Android App
(احمد منصور)عالمی جریدے ایشیا ٹائمز نے پاکستان کو عالمی سیاست میں ایک مؤثر ’’مڈل پاور‘‘ قرار دے دیا ہے، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے متوازن اور محتاط سفارتکاری کے ذریعے عالمی سطح پر اپنی اہمیت منوائی ہے۔
ایشیا ٹائمز کے مطابق بدلتے ہوئے عالمی نظام میں اُن ممالک کی اہمیت بڑھتی جا رہی ہے جو بڑی عالمی طاقتوں کے درمیان توازن برقرار رکھنے کی صلاحیت رکھتے ہوں، اور پاکستان اس کردار میں نمایاں نظر آ رہا ہے۔ اپنی اہم جغرافیائی حیثیت کے باعث پاکستان عالمی طاقتوں کے لیے ایک ناگزیر ریاست بنتا جا رہا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے بیک وقت چین اور خلیجی ممالک کے ساتھ تعلقات کو مؤثر انداز میں مضبوط کیا، جبکہ اس کی “ملٹی الائنمنٹ” پالیسی کو ایک اہم سفارتی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔
ایشیا ٹائمز کے مطابق پاکستان جنوبی ایشیا میں توازن برقرار رکھنے والی ایک اہم ریاست کے طور پر سامنے آیا ہے اور مختلف عالمی بلاکس کے درمیان “پل” کا کردار ادا کر رہا ہے۔ پاکستان کی دفاعی اور سفارتی صلاحیتوں نے بھی عالمی سطح پر توجہ حاصل کی ہے، جس سے اس کی اسٹریٹیجک اہمیت میں مزید اضافہ ہوا ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی نشاندہی کی گئی کہ افغانستان سے جڑے سیکیورٹی مسائل اور معاشی عدم استحکام پاکستان کی عالمی پیش رفت کے لیے اہم چیلنجز ہیں۔ اس کے باوجود پاکستان کو خطے میں استحکام اور ثالثی کے لیے ایک کلیدی کردار ادا کرنے والی ریاست قرار دیا گیا ہے۔
ایشیا ٹائمز کے مطابق پاکستان طویل عرصے سے ایک مڈل پاور کی خصوصیات رکھتا ہے، تاہم ماضی میں پالیسیوں کے عدم تسلسل نے اس کے عالمی اثر و رسوخ کو محدود رکھا۔
یہ بھی پڑھیں :کراچی: شدید گرمی کے باعث قومی ایتھلیٹک چیمپئن شپ ملتوی