سیاحوں کی حفاظت کے پیش نظر مری میں پتریاٹہ کیبل کار سروس عارضی طور پر معطل

Jun 09, 2026 | 19:34:PM
سیاحوں کی حفاظت کے پیش نظر مری میں پتریاٹہ کیبل کار سروس عارضی طور پر معطل
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(حیدر علی) سیاحوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے پتریاٹہ کیبل کار سروس کو عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔

 ڈی جی ایم نارتھ معظم نذیر کے مطابق بین الاقوامی ماہرین کی سفارش پر کیبل کار کی آئرن روپ (Iron Rope) تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ سروس کو جدید حفاظتی معیار کے مطابق مزید محفوظ بنایا جا سکے۔

انہوں نے بتایا کہ نئی آئرن روپ بیرون ملک سے درآمد کی جائے گی، جس کے باعث کیبل کار سروس کی بحالی میں تقریباً ایک سے ڈیڑھ ماہ کا وقت لگ سکتا ہے تاہم پتریاٹہ چیر لفٹ سروس معمول کے مطابق جاری ہے اور سیاح اس سہولت سے محفوظ انداز میں مستفید ہو رہے ہیں۔

ڈی جی ایم نارتھ نے کہا کہ مری میں سیاحتی سہولیات کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے متعدد ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔ کشمیر پوائنٹ کے لیے جدید اسٹیٹ آف دی آرٹ سفاری ٹرین متعارف کرانے کا ٹینڈر جاری کر دیا گیا ہے، جبکہ سیاحوں کی سہولت کے لیے جدید الیکٹرک کارٹس بھی متعارف کروائی جا رہی ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ گلاس واک وے برج، نئی چیر لفٹس، پیراگلائڈنگ کلب اور دیگر میگا سیاحتی منصوبوں پر بھی تیزی سے کام جاری ہے۔ ان منصوبوں کی تکمیل کے بعد مری ایک جدید اور مثالی سیاحتی مرکز کے طور پر ابھرے گا۔

معظم نذیر نے واضح کیا کہ تمام حفاظتی تقاضے مکمل ہونے اور ماہرین کی منظوری کے بعد پتریاٹہ کیبل کار سروس دوبارہ بحال کر دی جائے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سیاحوں کی جان و مال کا تحفظ محکمہ سیاحت کی اولین ترجیح ہے۔

یہ بھی پڑھیں :وزیراعظم شہباز شریف سے گلوبل فنڈ کے اعلیٰ سطحی وفد کی ملاقات،باہمی تعاون گفتگو