امریکہ کے مسلسل دوسرے روز ایران پر حملے ، ائیرپورٹ پر تباہی، فائر فائٹر جاں بحق

 ایرانی وزارتِ صحت نے کہا ہے کہ 8 اور 9 جولائی کو ہونے والے امریکی حملوں میں 14 افراد شہید جبکہ 78 افراد زخمی ہوئے

Jul 09, 2026 | 08:20:AM
امریکہ کے مسلسل دوسرے روز ایران پر حملے ، ائیرپورٹ پر تباہی، فائر فائٹر جاں بحق
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)امریکی فوج نے مسلسل دوسرے روز ایران کے جنوبی علاقوں پر حملے کیے ہیں، جس کے بعد ایران کے جنوبی ساحلی علاقوں بندر عباس اور سیریک میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔

ایرانی میڈیا کے مطابق امریکی فوج نے بندر عباس میں 8 مقامات کو نشانہ بنایا، بوشہر، کونارک اور چاہ بہار کے قریب بھی دھماکے ہوئے، چاہ بہار میں مبینہ امریکی حملوں کے بعد بجلی بند ہوگئی جس کو چند گھنٹوں بعد بحال کر دیا گیا۔

ایران کے ابو موسیٰ جزیرے پر بھی دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جنوبی ایرانی شہر سیریک کے علاقے تہروی گاؤں کے قریب مزید 3 دھماکے ہوئے۔

مہر نیوز کے مطابق امریکی فضائی حملوں میں چاہ بہار کی بندرگاہ کے علاقے میں موجود 2 بحری گھاٹوں اور ایک بحری ٹریفک کنٹرول ٹاور کو نشانہ بنایا گیا۔

رپورٹ کے مطابق ایران کے جنوبی صوبے بوشہر میں کیے گئے الگ امریکی حملوں کے حوالے سے بھی بتایا گیا ہے کہ ان سے بوشہر جوہری تنصیب کو کوئی نقصان نہیں پہنچا، اسی طرح ایران کے جنوب مشرقی شہر میں بھی دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔

ایرانی میڈیا کے مطابق چاہ بہار میں حملوں کا نشانہ بحری ٹریفک کنٹرول اور ایک ڈپو تھا، ایران شہر کے ہوائی اڈے پر حملے میں ایک فائر فائٹر شہید ہوگیا جس کی تصدیق سیستان و بلوچستان صوبے کے نائب گورنر اور ایران شہر کے گورنر نے بھی کی ہے۔

مزید بتایا گیا ہے کہ رات ساڑھے 12 بجے شہر بھر میں 4 زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، حملے ایران شہر، ایئرپورٹ اور موسمیاتی سٹیشن پر کیے گئے، جن سے دونوں عمارتوں کو نقصان پہنچا۔

امریکی فورسز نے ایران کے شمال مشرقی صوبے گلستان میں ایک ریلوے پل کو فضائی حملے میں نشانہ بنایا ہے، رات ڈیڑھ بجے پل پر 7 میزائل فائر کیے گئے جن میں سے 2 ریلوے ٹریک پر گرے اور ان کے نتیجے میں دھماکے ہوئے۔

ایرانی فوج کے مطابق امریکی حملوں کے بعد جنوبی علاقوں میں میزائل دفاعی نظام فعال کر دیا گیا ہے۔

ابھی تک یہ واضح نہیں ہوسکا کہ ایران میں حملوں سے کتنا نقصان ہوا ہے تاہم گزشتہ رات امریکی فوج نے ایران کے 80 مقامات پر حملے کیے جن میں 8 فوجی شہید اور متعدد زخمی ہو گئے تھے۔

امریکہ اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث پورا خطہ پریشان ہے۔

علاوہ ازیں  ایرانی وزارتِ صحت نے کہا ہے کہ 8 اور 9 جولائی کو ہونے والے امریکی حملوں میں 14 افراد شہید جبکہ 78 افراد زخمی ہوئے۔

وزارتِ صحت کے ترجمان حسین کرمانپور کے مطابق دو روز کے دوران مختلف حملوں میں ایران کے پانچ صوبے متاثر ہوئے،ان کا کہنا تھا کہ یہ کارروائیاں جنگ بندی کے باوجود کی گئیں۔

ترجمان نے بتایا کہ زخمی ہونے والے 78 افراد میں سے 47 تاحال مختلف اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں، جبکہ دیگر زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد اور علاج کے بعد اسپتالوں سے فارغ کر دیا گیا ہے۔

ایرانی حکام کے مطابق متاثرہ علاقوں میں امدادی اور طبی سرگرمیاں جاری ہیں، جبکہ متعلقہ ادارے حملوں کے نقصانات اور متاثرین سے متعلق مزید معلومات جمع کر رہے ہیں۔