آئی ٹی ایکسپرٹ نوجوان کا قاتل کون۔۔جان کر آپ کوجھٹکا لگ جائےگا

Dec 09, 2021 | 09:24:AM
قتل،کراچی،سی ٹی ڈی
کیپشن: قتل کا معمہ حل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ما نیٹرنگ ڈیسک)آئی ٹی ایکسپرٹ نوجوان کے پراسرار قتل کا معاملہ حل ہوگیا۔کراچی کے علاقے صفورہ میں کال سینٹر کے مالک کروڑ پتی نوجوان شہباز نتھوانی کے قتل میں اہلیہ اور اس کا آشنا کمپنی ملازم ملوث نکلے۔

تفصیلات کےمطابق محکمہ انسداد دہشتگردی سندھ کی تفتیش کے بعد دونوں ملزمان کو گرفتار کرکے شواہد حاصل کر لیے۔سی ٹی ڈی کے تفتیش کار راجہ عمر خطاب کے مطابق 7 جون کو سچل تھانے کی حدود میں کال سینٹر کے مالک شہباز نتھوانی کے قتل کے واقعے کی تفتیش آئی جی سندھ نے گزشتہ ہفتے سی ٹی ڈی منتقل کی تھی۔ شارع فیصل پر واقع سینٹر کے مالک، آغا خان کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے شہباز نتھوانی کی اہلیہ مئی میں جھگڑے کے بعد ناراض ہوکر اپنی ماں کے گھر  چلی گئی تھی۔ شہباز نتھوانی کے کاروباری پارٹنر اور بہنوئی شاہ رخ صدیقی نے 6 جون کو میاں بیوی کو صلح کیلئے صفورہ میں واقع فلیٹ پر بلوایا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:وائٹ اور گرے لسٹ میں شامل تحریک طالبان پاکستان کے درجنوں قیدی رہا

صلح کے بعد دونوں میاں بیوی اپنی بچی کے ہمراہ 7 جون کی صبح سوا 5 بجے فلیٹ سے نکلے۔ ویران مقام پر پہلے سے منتظر ملزم جمشید خالد کو دیکھ کر اہلیہ نے کار روک دی تھی۔پولیس کے مطابق ملزم جمشید نے 9 ایم ایم پستول سے کار کے قریب جاکر شہباز نتھوانی پر گولیاں فائر کیں۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق شہباز نتھوانی کو انتہائی قریب سے ایک گولی کنپٹی دوسری عین دل پر ماری گئی۔ اہلیہ فوری طور پر اسپتال لےجانے کی بجائے شدید زخمی شوہر کو اسی کار میں بھائی کے گھر لے گئی۔ جس کے بعد 5 منٹ کا فاصلہ 25 منٹ بعد طے کرکے تاخیر سے نجی ہسپتال پہنچی جب تک شہباز نتھوانی کی موت واقع ہوچکی تھی۔

راجہ عمر خطاب کے مطابق اہلیہ نے شوہر کے قتل کو ڈکیتی کے دوران مزاحمت کا رنگ دیا جبکہ تفتیش کے دوران حقائق اس کے بیان کے برعکس نکلے۔سی سی ٹی وی فوٹیج اور جیو فینسنگ سے ملزم جمشید خالد کی واردات سے کئی گھنٹے پہلے سے علاقے میں موجودگی کا انکشاف سامنے آیا۔ 

منصوبے کے مطابق ملزم گاڑی روک کر ٹارگٹ کا انتظار کرنے لگا۔ واردات کے بعد  وہ سعدی ٹاؤن کی طرف فرار ہوگیا۔حکام کے مطابق کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ  نے واردات کا سراغ لگایا اور شواہد جمع کرکے ملزمہ دانیا اور اس کے آشنا جمشید خالد کو گرفتار کرلیا۔ 

یہ بھی پڑھیں:موٹر وے پر حملے کی دھمکی۔۔خبردار،ہوشیار