سندھ حکومت نے میر رضا کیس میں جوڈیشل کمیشن بنانے کا  اعلان کر دیا

سندھ ہائی کورٹ کے سینئیرجج کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جائے گا، مراد علیشاہ کا چار گھنٹے کی مشاورت کے بعد اعلان

Aug 09, 2026 | 22:02:PM
سندھ حکومت نے میر رضا کیس میں جوڈیشل کمیشن بنانے کا  اعلان کر دیا
کیپشن: مئیر مرتضیٰ وہاب میر رضا کے والدین سے گفتگو کر رہے ہیں۔ اس ملاقات مین انہوں نے مقتول میر رضا کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے جوڈیشل کمیشن بنانے کے فیصلہ سے آغاہ کیا۔
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(عاجز جمالی)  سندھ حکومت نے میر رضا کیس میں جوڈیشل کمیشن بنانے کا  اعلان کر دیا۔ سندھ کے وزیر داخلہ ضیا الحسن لنجار نے  وزیراعلیٰ مراد علیشاہ کی ہدایت پر مقتول میر رضا کے والدین سے ملاقات کی اور انہیں صورتحال سے آگاہ کیا۔انہوں نے مقتول کے والد کو بتایا کہ وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے میررضا کے قتل کی تحقیقات کرنے کے لئے جوڈیشل کمیشن بنانے کا  حکم دے دیا ہے۔

وزیرداخلہ سندھ ضیاءالحسن لنجار  اور  کراچی کے مئیر مرتضی وہاب آج  مقتول میرعلی رضاکےگھر گئے اور ان کے والدین سے ملاقات کی۔
صوبائی وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار اور  میئر بیرسٹر مرتضی وہاب نے  میر رضا کے اہلخانہ سے اس المناک سانحہ پر تعزیت کی، مقتول کے ایسال ثواب کیلئے فاتحہ کہی اور اس کیس کی تفتیش میں  سنگین شکایات سامنے آنے پر مقتول کے اہل خانہ سے معذرت کی۔ ضیا لنجار اور مرتضیٰ وہاب نے میر رضا کے قتل کی تحقیقات منصفانہ اور غیر جانبدارانہ طریقہ سے کروانے اور قاتلوں کو قانون کی گرفت اور انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لئے ہر ممکن اقدام کرنے کا عزم ظاہر کیا۔

مقتول میر رضا کے والد  نےوزیر داخلہ کو کیس کے متعلق  حقائق سے آگاہ کیا۔

وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار  نے میر رضا قتل کی جوڈیشل انکوائری کروانے کا  وعدہ کیا۔انہوں نے وزیراعلیٰ مراد علیشاہ سے ملاقات کر کے اس جوڈیشل کمیشن کے قیام کی ہدایت بھی حاصل کر لی۔

ضیا الحسن لنجار نے مقتول نوجوان کے والد کو یقین دلایا کہ  آپ کے بیٹے قاتلوں کو ہر صورت میں پکڑا جائے گا۔

میر رضا کے قتل پر ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی ایڈیشنل آئی جی کراچی بھی میر رضا کے گھر وزیر داخلہ کے ہمراہ گئے۔

  کراچی پولیس کے چیف اور  ایڈیشنل آئی جی کراچی، ڈی آئی جی ایسٹ اور متعلقہ ایس ایس پی بھی  وزیر داخلہ کے ساتھ مقتول کے گھر گئےتھے۔

سندھ ہائی کورٹ کے جج جوڈیشل کمیشن کی سربراہی کریں گے

وزیر داخلہ ضیا الھسن لنجار نے بتایا کہ چیف منسٹر مراد علی شاہ کی سفارش پر سندھ ہائی کورٹ کے سینئیرجج کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ  ڈی آئی جی عامر فاروقی کی سربراہی میں نئی تحقیقاتی ٹیم بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔ نئی تحقیقاتی ٹیم میں تین ایس ایس پی رکن  ہیں۔

انہوں  نے مقتول میر رضاکے والدین کو کیس کی پیش رفت اور تحقیقات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

مراد علی شاہ کا چار گھنٹے کا اجلاس

کراچی کے مئیر مرتضیٰ وہاب نے مقتول میر رضا کے والدین کو  بتایا کہ میر رضا کے قتل کی تحقیقات اور انصاف کو ہر صورت میں یقینی بنانے کے لئے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے سینئیر حکام اور اپنے قریبی ساتھیوں کے ساتھ چار گھنٹے تک  اجلاس کیا۔ اس اجلاس میں واقعے اور تحقیقات کے تمام پہلوؤں کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔

 وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے کہا کہ تحقیقاتی ٹیم مرحوم کے والدین سے مکمل رابطہ اور تعاون برقرار رکھے گی۔ کیس کی شفاف اور غیر جانب دارانہ تحقیقات یقینی بنائی جائیں گی۔  انصاف کے تمام تقاضے پورے کیے جائیں گے اور کسی مجرم سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

مئیر مرتضی وہاب نے کہا کہ  میر رضا علی خان کے اہلِ خانہ کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچا کر ہی دم لیں گے۔