کولمبیا کے نئے صدر نے جرائم پیشہ گروہوں کیخلاف سخت کارروائی کا اعلان کردیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک )کولمبیا کے نومنتخب دائیں بازو کے صدر ابیلاردو ڈی لا ایسپریئیلا نے عہدہ سنبھالتے ہی منشیات اسمگلنگ اور مسلح جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف سخت کارروائی، سرکاری اخراجات منجمد کرنے اور ملکی معیشت میں اصلاحات کا اعلان کردیا۔
48 سالہ ابیلاردو ڈی لا ایسپریئیلا نے جمعے کو حلف اٹھایا اور اپنی پہلی تقریر میں کہا کہ ملک میں امن و امان، ریاستی اختیار اور آزادی کو بحال کرنے کا وقت آگیا ہے۔
کالی میں فوجی اڈے پر فوجی اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے نئے صدر نے جرائم پیشہ گروہوں اور منشیات فروش تنظیموں کو دوٹوک پیغام دیا کہ ان کے پاس قانون کی حکمرانی تسلیم کرنے یا کولمبیا کی ریاست اور سکیورٹی فورسز کے سخت ردعمل کا سامنا کرنے کے سوا کوئی راستہ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسلح گروہوں کے ساتھ امن مذاکرات کا آپشن مکمل طور پر ختم ہوچکا ہے اور حکومت غیر قانونی فصلوں، خصوصاً کوکا، کے خاتمے کے لیے بھی کارروائی کرے گی۔ صدر نے ایسی فضائی ادویات کے استعمال کا عندیہ دیا جو ان کے بقول انسانی صحت اور ماحول کے لیے نقصان دہ نہیں ہوں گی۔
یہ بھی پڑھیں:بچے نے پرواز منسوخ کروادی!وجہ کیا بنی؟
نئے صدر نے معاشی محاذ پر بھی بڑے اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے سرکاری اخراجات منجمد کرنے، ٹیکس نظام کو آسان بنانے، سرمایہ کاری اور روزگار بڑھانے کا عزم ظاہر کیا، تاہم مقبول سماجی پروگرام جاری رکھنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔
ابیلاردو ڈی لا ایسپریئیلا نے تیل اور گیس کے شعبے کو بھی وسعت دینے کا اعلان کرتے ہوئے ’ذمہ دارانہ اور پائیدار فریکنگ‘ سمیت تیل و گیس کی تلاش بڑھانے کا عندیہ دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک اپنی تیل اور گیس کے محدود ہوتے ذخائر پر خاموش نہیں رہ سکتا۔
نئے صدر نے سرکاری آئل کمپنی ایکوپیٹرول کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔
ابیلاردو ڈی لا ایسپریئیلا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اتحادی سمجھے جاتے ہیں اور انہوں نے اعلان کیا کہ کولمبیا ٹرمپ کی جانب سے قائم کیے گئے ’شیلڈ آف دی امریکاز‘ پروگرام میں بھی شامل ہوگا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق نئے صدر کی متعدد پالیسیوں پر عمل درآمد کے لیے منقسم کانگریس کی حمایت درکار ہوگی، اس لیے ان کے کئی منصوبوں میں سیاسی مذاکرات کے دوران تبدیلی یا نرمی بھی آسکتی ہے۔
نئی حکومت کو عوامی قرضوں اور مالیاتی خسارے سمیت بڑے معاشی چیلنجز کا سامنا ہے، تاہم سرمایہ کاروں نے ابیلاردو ڈی لا ایسپریئیلا کے کاروبار دوست معاشی ایجنڈے کا خیرمقدم کیا ہے۔
کولمبیا میں نئی حکومت کا اقتدار سنبھالنا لاطینی امریکا میں دائیں بازو کی سیاست کے بڑھتے ہوئے رجحان کی ایک اور اہم کڑی قرار دیا جا رہا ہے، جہاں جرائم، کمزور معیشت اور امن و امان کے مسائل نے ووٹرز کی ترجیحات پر گہرا اثر ڈالا ہے۔