کمزوری،جوڑوں کا درد اور جلد بڑھاپا آنا وٹامنز کی کمی کے باعث ہوتا ہے:ماہر ہربلسٹ نئیر ذکریا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)ماہر ہربلسٹ نئیر ذکریا نے کہا کہ سردیوں کا آغاز ہوتے ہی کئی افراد میں کمزوری، جوڑوں کے درد اور جلد پر بڑھاپے کے اثرات ظاہر ہونے لگتے ہیں جو کہ وٹامنز یا ضروری غذائی اجزا کی کمی کے باعث ہوتے ہیں۔
مارننگ ود فضا میں گفتگو کرتے ہوئے ماہر ہربلسٹ نئیر ذکریا کے مطابق پھل مکھانے (Lotus Seeds) قدرتی طور پر اینٹی ایجنگ، اینٹی انفلیمیٹری اور ہائیڈریٹنگ خصوصیات رکھتے ہیں، جو جلد سے داغ دھبے اور چھائیاں دور کرنے میں مدد دیتے ہیں۔
نئیر ذکریا نے جوڑوں کے درد کیلئے ایک مفید پاؤڈر بھی متعارف کرایا ہے، جس میں سونف، تل اور پھل مکھانے شامل ہیں، جنہیں دیسی گھی یا زیتون کے تیل میں بھون کر تیار کیا جاتا ہے، یہ مرکب نہ صرف جوڑوں کے درد بلکہ جسم کی خشکی کے خاتمے کیلئے بھی موثر ہے، خاص طور پر اُن لوگوں کے لیے جو پنجیری استعمال نہیں کرتے۔
انہوں نے سردیوں میں جلد کے مسائل کے حل کیلئے ایک خاص آئل بھی تیار کیا ہے، جس میں زیتون، سفید تلوں، بادام اور کیسٹر آئل کے ساتھ لوٹس سیڈ پاؤڈر اور لوبان شامل ہیں، یہ آئل خوشبودار ہونے کے ساتھ نیند بہتر بنانے اور جلد کو نرم و ملائم رکھنے میں مدد دیتا ہے۔
نئیر ذکریا نے مزید ایک ہلکا سیرم بھی پیش کیا ہے جو جلد کو قدرتی چمک دیتا ہے اور آئلی یا گریسی نہیں ہوتا۔
اُن کے مطابق کشمش اور کالی مرچ کے دانے چبانے سے نہ صرف بلغم اور ریشہ ختم ہوتا ہے بلکہ جلد کی خشکی، چھینکوں اور فلو جیسے سردیوں کے عام مسائل میں بھی بہتری آتی ہے۔