لاہوریوں کیساتھ غیرملکی سفیر اور شوبز ستارے بھی بسنت کے دیوانے نکلے
امریکی سفیر نیٹلی بیکر پیلے رنگ کی شرٹ پہن کردہلی گیٹ پہنچ گئیں،روایتی کھانوں سے تواضع کی گئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)لاہوریوں کے ساتھ غیرملکی سفیر اور شوبز انڈسٹری کے ستارے بھی بسنت کے دیوانے نکلے.
امریکی سفیر نیٹلی بیکر بھی بسنت منانے دہلی گیٹ لاہور پہنچ گئیں,وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے نیٹلی بیکر کا استقبال کیا،نیٹلی بیکر پیلے رنگ کی شرٹ پہن کر بسنت منانے پہنچیں اورانہوں نے بسنت کی اجازت دینے پر پنجاب حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

سینئر وزیر مریم اورنگزیب اورصوبائی وزیر صہیب بھرت بھی وہاں موجود تھے،امریکی ڈپٹی اسسٹنٹ سکریٹری جان مارک،قونصل جنرل سٹیٹسن سینڈرز،صدف سعد،پولیٹیکل آفیسر جان سکیری اور سعد سرفرازنے بھی شرکت کی,امریکی قائم مقام سفیر کی لاہور کے روایتی کھانوں سے تواضع کی گئی۔
شوبز انڈسٹری کے نامور ستارے بھی کراچی اور بیرون ملک سے بسنت منانے دہلی گیٹ پہنچے جن میں اداکار یاسر حسین،میکال ذوالفقار،عدیل،محب مرزا شامل تھے،اداکارہ جگن کاظم ،علی زرغون،فریال خان،اداکارہ گوہر اور اداکارہ آمنہ نے بھی وہاں بسنت منائی،اداکاروں نے بسنت دوبارہ بحال کرنے پر مریم نواز سے اظہار تشکرکیا۔

اداکار عدیل اور اداکارہ آمنہ مریم نواز کے فین ہوگئے اورانہوں نے لاہور اور بسنت کو لازم و ملزوم قرار دے دیا۔
میکال ذوالفقارنے اس موقع پر کہاکہ لاہور دوبارہ اپنے خوبصورت رنگوں کے ساتھ جاگ چکا ہے،ہم بہت خوش ہیں کہ بسنت دوبارہ واپس آگئی ہے۔

اداکار عدیل نے کہاکہ میں مریم نواز کا فین ہوگیا ہوں،بسنت دوبارہ شروع کرنے کا پورا کریڈٹ سی ایم مریم نواز کو جاتا ہے،بسنت سے 350 ملین کا ریونیو اکٹھا ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:بسنت کا آج آخری روز، جوش و خروش عروج پر
اداکاریاسر حسین نے کہاکہ بسنت کے اس خوبصورت پروگرام کے انعقاد پر عظمیٰ بخاری کے بھی شکرگزار ہیں،لاہور واقعی زندہ دلوں کا شہر ہے،یہ آج میں نے اپنی آنکھوں سے دیکھ لیا۔
اداکار محب مرزا نے کہاکہ میں لاہور کی جن سڑکوں سے گزارا ہوں مجھے ہر طرف بسنت کے رنگ اور رونقیں نظر آئی ہیں۔