’’پاکستان نوبل امن انعام کاحقدار ہے‘‘جنگ بندی کیلئےپاکستان کےبطور ثالث کردارکی بھرپورستائش 

Apr 08, 2026 | 17:25:PM
’’پاکستان نوبل امن انعام کاحقدار ہے‘‘جنگ بندی کیلئےپاکستان کےبطور ثالث کردارکی بھرپورستائش 
کیپشن: عالمی رہنماوں کی جنگ بندی کیلئے پاکستان کے بطور ثالث نتیجہ خیز کردار اور انتھک کاؤشوں کی بھر پور ستائش 
سورس: 24نیوز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(احمد منصور)عالمی رہنماؤں نے جنگ بندی کے لیے پاکستان کے بطور ثالث نتیجہ خیز کردار اور انتھک کوششوں کو بھرپور انداز میں سراہا ہے,دنیا بھر کے ممالک نے ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی میں پاکستان کے کردار کا خیرمقدم کیا ہے۔

بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی مخلصانہ اور سنجیدہ سفارتی کاوشوں کو نہایت قابلِ ستائش قرار دیا جا رہا ہے,وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے عالمی امن کے قیام کے لیے اپنی مخلصانہ کوششوں سے پاکستان کو ایک ذمہ دار اور مؤثر امن ضامن کے طور پر منوایا ہے۔

تباہ کن جنگی حالات میں امن کا راستہ نکالنا پاکستان کی بہترین سفارتکاری اور مؤثر ملٹری ڈپلومیسی کا واضح ثبوت ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے بات چیت کے بعد ایران کے ساتھ جنگ روک دی گئی,جرمن چانسلر فریڈرک مرز نے ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان کے بطور ثالث کردار کو سراہا,ترکیہ کی وزارت خارجہ نے کہا کہ اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات کی کامیاب تکمیل کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔

چین کے سفیر جیانگ زائیدونگ نے مشرقِ وسطیٰ اور خلیجی خطے میں امن اور سلامتی کے فروغ کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا جبکہ چین کی وزارت خارجہ نے بھی پاکستان کی فعال ثالثی کی حمایت کا اعادہ کیا۔

قطر نے بھی وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے بطور ثالث کامیاب اور مؤثر کردار کو بھرپور انداز میں سراہا جبکہ سعودی وزارت خارجہ نے بھی ان کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

ایرانی سفیر رضا امیری نے کہا کہ پاکستان کے بطور ثالث کردار کے بعد ایک اہم اور حساس مرحلے سے کامیابی کے ساتھ آگے بڑھا گیا ہے۔

برطانوی سفیر جین میریٹ نے امن کے قیام میں پاکستان کے مؤثر اور نتیجہ خیز کردار پر شکریہ ادا کیا,سابق اطالوی وزیراعظم پاؤلو جینٹیلونی نے کہا کہ امریکہ ایران جنگ بندی میں کردار ادا کرنے پر پاکستان نوبل امن انعام کا حق دار ہے۔

قازقستان کے صدر نے بھی جنگ بندی میں کردار پر وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا شکریہ ادا کیا,اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی انتھک کوششوں کو سراہا۔

نیوزی لینڈ کے وزیر خارجہ ونسٹن پیٹرز نے ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی کے ساتھ ساتھ پاکستان کے کردار کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا,یوکرین کے وزیر خارجہ آندری سیبیہا نے بھی اس جنگ بندی اور ثالثی میں پاکستان کے بہترین کردار کو سراہا۔

ماہرین کے مطابق پاکستان بطور "نیٹ سیکیورٹی پرووائیڈر" اور "نیٹ ریجنل  سٹیبلائزر" عالمی افق پر مضبوطی اور وقار کے ساتھ ابھر رہا ہے,ماہرین کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال میں بے پناہ پیچیدگیوں کے باوجود پاکستان نے نہایت اہم اور مثبت کردار ادا کیا اور اپنے متوازن تعلقات اور اثر و رسوخ کے باعث امریکہ اور ایران کو مذاکرات کی میز پر لانے میں کامیاب رہا۔

یہ بھی پڑھیں :  قوم کو مبارک ہو، اللہ پاک نے پاکستان کو بڑی عزت دی ہے؛خواجہ آصف