ایران امریکا عارضی سیز فائرکے بعد سونے اور چاندی کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ

Apr 08, 2026 | 09:32:AM
ایران امریکا عارضی سیز فائرکے بعد سونے اور چاندی کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی میں عارضی کمی کے بعد سونے کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، اور عالمی مارکیٹ میں سونا تقریباً 3 ہفتوں کی بلند ترین سطح کے قریب پہنچ گیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران پر حملے دو ہفتوں کے لیے روکنے کے اعلان کے بعد مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال کم ہوئی، جس کے باعث سرمایہ کاروں نے محفوظ سرمایہ کاری کے طور پر سونے کی خریداری بڑھا دی۔

رپورٹ کے مطابق اسپاٹ گولڈ کی قیمت میں 2.3 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 4,812 ڈالر فی اونس تک پہنچ گیا، جبکہ ایک موقع پر یہ 3 فیصد سے زائد اضافے کے ساتھ 19 مارچ کے بعد بلند ترین سطح پر بھی گیا۔ امریکی گولڈ فیوچرز میں بھی 3.4 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

دیگر دھاتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا، چاندی کی قیمت 4.9 فیصد بڑھ کر 76.48 ڈالر فی اونس، پلاٹینم 3.2 فیصد اضافے کے ساتھ 2,020 ڈالر جبکہ پیلیڈیم 4.1 فیصد اضافے کے بعد 1,529 ڈالر فی اونس تک پہنچ گیا۔

اس صورتحال کے تناظر میں اگر آج پاکستان میں سونے کی قیمتوں کا اندازہ لگایا جائے تو گزشتہ روز یعنی سات اپریل کو سونا تین ہزار روپے سستا ہو کر 4 لاکھ 88 ہزار 462 روپے فی تولہ پر بند ہوا تھا، لیکن آج عالمی منڈی میں قیمتیں بڑھنے کے باعث پاکستان میں بھی سونے کی قیمت میں تین سے چار ہزار روپے تک کا اضافہ متوقع ہے۔

اس حساب سے آج پاکستان میں فی تولہ سونا 4 لاکھ 91 ہزار سے 4 لاکھ 93 ہزار روپے کے درمیان رہنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

 یہ بھی پڑھیں:ثالثی میں پاکستان کی کامیابی، بھارتی تجزیہ کار مودی پر برس پڑے

دبئی میں سونے کی قیمتوں میں ایک ہی دن میں بڑی تبدیلی دیکھنے میں آئی ہے،عالمی سطح پر جنگ بندی کے لیے ہونے والے مذاکرات اور مثبت اشاروں کے باعث عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، جس کا براہِ راست اثر دبئی کی ریٹیل مارکیٹ پر بھی پڑا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق بدھ کی صبح دبئی میں سونے کی قیمتوں میں فی گرام 11 درہم کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، 24 قیراط سونے کی قیمت بڑھ کر 577.50 درہم فی گرام ہوگئی، جو گزشتہ روز 566.25 درہم تھی،اسی طرح 22 قیراط سونا بھی 534.75 درہم فی گرام تک پہنچ گیا ہے۔ یہ حالیہ ہفتوں میں ایک دن کے دوران ہونے والا سب سے بڑا اضافہ قرار دیا جا رہا ہے۔

عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں میں اضافے کا اثر صرف دبئی تک محدود نہیں رہا، بلکہ اس کے اثرات سعودی عرب، عمان، قطر، بحرین، کویت اور بھارت سمیت پورے خطے کی مارکیٹوں پر دیکھے گئے۔