ہم کمشنر کراچی کو ہٹانے جارہے ہیں : چیف جسٹس

Apr 08, 2021 | 12:59:PM
چیف جسٹس سپریم کورٹ
کیپشن: چیف جسٹس سپریم کورٹ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)سپریم کورٹ نے کراچی تجاوزات کیس میں شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم کمشنر کراچی کو ہٹانے جارہے ہیں۔ڈی جی ایس بی سی اے کی سرزنش کرتے ہوئے کہا  اتنی بڑی عمارتیں بن جاتی ہیں آپ کہاں ہوتے ہیں؟  کل کوئی چیف منسٹر ہاؤس  یا سپریم کورٹ کا اجازت نامہ دکھا دے، آپ بنانے دیں گے۔اچانک سے ایک پلاٹ نکلتا ہے اور کثیر المنزلہ عمارت بن جاتی ہے، پوری عمارت نالے پر کھڑی ہے، ایس بی سی اے والے خود ملے ہیں۔

سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں شہر میں تجاوزات کے خاتمے سےمتعلق کیس کی سماعت ہوئی جس سلسلے میں کمشنر کراچی اور دیگر اعلیٰ حکام عدالت میں پیش ہوئے۔عدالت نے کمشنرکراچی کی تجاوزات سے متعلق رپورٹ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ سمجھ رہے ہیں ہم ڈپٹی کمشنر کی رپورٹ پر کام کریں گے،  یہ کیا رپورٹ ہے ، ہر جگہ لکھا ہے رپورٹ کا انتظار ہے، چیف سیکرٹری صاحب ایسے افسر فارغ کریں۔

 اس  موقع پر ہل پارک متاثرین کے وکیل بیرسٹر صلاح الدین نے کہا کہ ہم نےجس سےگھرخریدا، معاوضہ تودلوایاجائے،25 سال سے ہمارےگھربنے ہوئے ہیں اور نقشے سندھ حکومت نے پاس کئے۔اس پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ بچے تو نہیں ہیں جب گھر خریدتے ہیں سب پتا ہوتا ہے۔عدالت نے کڈنی ہل پارک کےمتاثرین کومہلت دینے کی استدعا مسترد کردی۔

اس موقع پر سپریم کورٹ میں وائی ایم سی گراؤنڈ سے متعلق رپورٹ پیش کی گئی اور کمشنر کراچی نے عدالت کو بتایا کہ وائی ایم سی گراؤنڈ میں تمام کام تقریباً مکمل ہوچکا ہے  اور صرف لائٹس لگنا باقی ہیں۔کمشنر کراچی نے شاہراہ فیصل اور شاہراہ قائدین سے متعلق رپورٹ بھی عدالت میں پیش کی جس پر عدالت نے ایس بی سی اے کی رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔

عدالت نے ڈی جی ایس بی سی اے سے مکالمہ کیا کہ  آپ جانتے ہیں ایس بی سی اے بلڈروں کا ایجنٹ ہے، اتنی بڑی عمارتیں بن جاتی ہیں آپ کہاں ہوتے ہیں،  کل کوئی چیف منسٹر ہاؤس کا اجازت نامہ دکھا دے، آپ بنانے دیں گے۔کل کو میرے گھر پر کوئی پلان لا کر بنادے گا۔

چیف جسٹس نے کمشنر  کراچی پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کا کچھ نہیں پتا، یہ صرف ربر اسٹیمپ ہیں، کمشنر کراچی، ڈی جی ایس بی سی اےکوپتا نہیں بعد میں کتنےنیب کیس بنیں گے، ہمارے لئے مشکلات پیدا کررہے ہیں تو لوگوں کے لئے کتنی مشکلات پیدا کرتے ہوں گے۔ چیف جسٹس نے مزید ریمارکس دئیے کہ آپ کوشہرکاکچھ نہیں پتا علاقوں کی تاریخ کاکچھ پتاہے؟اگر یہ مختیار کار فیروز آباد میں آگئے تو کراچی کراچی نہیں رہے گا،وزیر اعلیٰ سندھ آئیں اور بتائیں یہ مختیار کار کیسے کام کررہے ہیں ،ابھی تو ڈی ایچ اے کا مختیار کار آنے والا ہے۔ایڈووکیٹ جنرل صاحب ایسی باتیں کررہے ہیں جیسے کچھ معلوم ہی نہیں۔ہم نے وزیراعلیٰ سندھ سے رپورٹ مانگی تھی انہوں نے بول دیا سب اچھا ہے،  ہم کمشنر کراچی کو ہٹانے جارہے ہیں، بڑی معذرت کےساتھ آپ کے بارے میں ایساکہا مگر ہمارےسامنے ایسی رپورٹ ہیں کیاکریں۔عدالت نے کہا کہ ایس بی سی اے چلانے والا ہر مہینے کھربوں روپے بنارہا ہے، سب رجسٹرار آفس ایس بی سی اے میں سب سے زیادہ کمائی ہورہی ہے۔