پاک فضائیہ کےبہادر سپوتوں اور ان کی کارکردگی کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں؛وزیراعظم
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)وزیر اعظم شہباز شریف نے کہاہے کہ یوم فضائیہ کے اس تاریخی دن پر میں پاک فضائیہ کے تمام بہادر سپوتوں اور ان کی بے مثال کارکردگی کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں.
یوم فضائیہ (7 ستمبر )پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ آج کے دن میں پاک فضائیہ کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے میں فخر محسوس کررہا ہوں جنکی لازوال قربانیاں تاریخ میں روشن ہیں،بلا شبہ پاک فضائیہ کے بانیان نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے ویژن کے مطابق پاک فضائیہ کی اعلی درجے اور صف اول کی ادارے کے طور پر بنیاد رکھی جو تمام پیشہ وارانہ پہلوؤں پر معیاری کام جاری رکھے ہوئے ہے اور پیشہ ورانہ مہارت میں دنیا کی کسی بھی فضائیہ سے کم نہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ آج کا دن پاکستان ائیر فورس کے اہلکاروں کی بہادری اور قربانیوں کی یاد مناتا ہے، خاص طور پر ان لوگوں نے جنہوں نے 1965 کی پاک بھارت جنگ کے دوران پاکستان کا دفاع کیا،یہ دن پاک فضائیہ کے شہداء کو ان کی جرات، پیشہ ورانہ مہارت اور قربانی کے جذبے کے لیے وقف ہے،یہ دن منانے کا مقصد آنے والی نسلوں کے لیے لگن اور بہادری کی علامت، اور انہیں قوم کی حفاظت کے عزم کی یاد دلاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ پاک فضائیہ نے ان دہائیوں میں اپنی پیشہ ورانہ صلاحیت،اور طاقت کے بے پناہ جوہر دکھاتے ہوئے فضائی جنگی معرکوں میں اپنی دھاک بٹھائی،حالیہ تاریخ میں پاک فضائیہ نے مسلح افواج کے ساتھ مل کر معرکہ حق بنیان المرصوص میں فیصلہ کن کردار ادا کرتے ہوئے جس طرح دشمن کو چاروں شانے چیت کیا اس نے پوری دنیا کو حیرت زدہ کیا۔
اپنے پیغام میں انہوں نے کہاکہ بے شک پاک فضائیہ کی یہ معیاری کارکردگی، بے باک قیادت، جنگجو سپوتوں کی ہنر مندی،اعلی حکمت عملی، اور کثیر الجہتی جنگی صلاحیتوں پر مؤثر عمل درآمد کا مظہر تھی ۔ پاک فضائیہ کی ناقابل تسخیر کثیر الجہتی جنگی صلاحیتیں حالیہ سالوں میں پاک فضائیہ کی جدت کا منہ بولتا ثبوت ہے،مجھے اس بات پر خصوصی فخر ہے کہ پاک فضائیہ نے اپنی تابناک تاریخی روایت کو زندہ رکھتے ہوئے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو شکست دی،پاک فضائیہ کے ہمارے ہیروز نے اپنی بہادری سے ثابت کیا کہ دشمن کتنا ہی مضبوط اور ہتھیاروں سے لیس کیوں نہ ہو وہ کبھی جذبے اور ہمت کو شکست نہیں دے سکتا۔
شہباز شریف کا مزید کہناتھا کہ آج کی پاک فضائیہ، ان بہادر سپوتوں کو ایک جیتا جاگتا خراج تحسین ہے جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر فضائیہ کی تاریخ رقم کی، مجھے یقین ہے کہ ہمیشہ کی طرح پاک فضائیہ ہر موقع اور معیار پہ پورا اترتی ہوئی اپنے ملک کی خود مختاری، زمینی حدود اور علاقائی سالمیت کا ہمیشہ بھرپور تحفظ کرتی رہے گی۔
پاکستان فضائیہ زندہ باد! پاکستان پائندہ باد!
یہ بھی پڑھیں: یومِ دفاع:سکھر میں 300 فٹ اونچا، 84 فٹ لمبا اور 56 فٹ چوڑا سبز ہلالی پرچم لہرایا گیا