متنازعہ ٹوئٹس کیس ؛ایمان مزاری کی ڈی جی آئی ایس پی آر کو بطور گواہ بلانے کی درخواست

Jan 07, 2026 | 18:21:PM
متنازعہ ٹوئٹس کیس ؛ایمان مزاری کی ڈی جی آئی ایس پی آر کو بطور گواہ بلانے کی درخواست
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں متنازعہ ٹوئٹس کیس میں ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ نے ڈی جی آئی ایس پی آر کو بطور گواہ بلانے کی درخواست دیدی۔

تفصیلات کے مطابق وکیل ایمان مزاری اور ان کے شوہر ہادی علی چٹھہ کے خلاف متنازعہ ٹویٹس کیس کی سماعت  ہوئی،ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کیس میں ڈی جی آئی ایس پی آر کوبطور گواہ بلانے کی درخواست دائر کردی، ہادی علی چٹھہ نے کہاکہ ڈی جی آئی ایس پی آر احمد شریف چودھری کو بلایا جائے ۔ جج افضل مجوکہ نے کہاکہ جو بھی اس کیس کے بارے میں بات کرے گا تو کیا اس کو عدالت بلا لیں۔ وکیل ایمان مزاری نے کہاکہ فوج کی بابت ہم پر الزام لگایا گیا ہے ۔ 

ہادی علی چٹھہ نے کہاکہ چھ جنوری کو پریس ٹاک میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے ملزمہ کے ٹوئٹر ہینڈل کو میڈیا پر دکھایا ۔ کہا گیا کہ ایمان مزاری دہشت گردوں کی تشہیر اور حمایت کرتی ہے ۔ ڈی آئی ایس پی آر ایم گواہ ہیں ان کو طلب کیا جائے ۔ آرمڈ فورسز کے ترجمان کے طور پر ڈی جی آئی ایس پی آر نے بات کی وہ عام شخص نہیں ۔ 

جج افضل مجوکہ نے کہاکہ پراسیکیوشن کو کوئی مجبور نہیں کر سکتا کہ کس کو بطور گواہ پیش کرنا ہے یا نہیں ۔ ہادی علی چٹھہ نے کہاکہ اگر عدالت درخواست کو مسترد کرتی ہے تو ساتھ لکھے کہ کسی بھی عہدے پر بیٹھا شخص بات کرکے اس کیس پر اثر انداز نہ ہو ۔ 

وکیل ایمان مزاری نے ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس کا مخصوص حصہ عدالت میں چلایا ۔میری ٹویٹ ڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنی پریس کانفرنس میں دکھائی ۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے مجھے دہشت گردوں کا حامی کہا ہے ۔ ڈی جی آئی ایس پی آر پریس کانفرنس نہیں عدالت آکر اپنا بیان ریکارڈ کروائیں ۔ 

پراسیکوشن نے ڈی جی آئی ایس پی آر کو عدالت بلانے کی درخواست کی مخالفت  کرتے ہوئے کہاکہ پریس کانفرنس میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہیں بھی ایمان مزاری کا نام نہیں لیا ۔ڈی آئی ایس پی آر کو اس کیس میں نہیں بلایا جا سکتا ۔ 

عدالت نے ڈی جی آئی ایس پی آر کو عدالت بلانے کی ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

بعدازاں عدالت نے کہاکہ گواہان کو بلانے کا مرحلہ ملزمان کے 342 کے بیان کے وقت ہو گا ۔ 342 کے بیان کے وقت دیکھا جائے گا کہ یہ درخواست متعلقہ ہے یا نہیں ۔ 342 کے بیان تک ڈی جی آئی ایس پی آر کو بلا نے کے حوالے سے درخواست زیر التوا رہے گی ۔ 

عدالت نے ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کے خلاف متنازعہ ٹویٹس کیس کی سماعت کل تک ملتوی کردی ۔کل ایمان مزاری کی جانب سے گواہ شہروز ریاض پر جرح کی جائے گی۔

دیگر کیٹیگریز: پاکستان
ٹیگز: