عقیدہ ختمِ نبوتؐ دینِ اسلام کی بنیاد اور مسلمانوں کے ایمان کا بنیادی جزو ہے؛ صدر آزاد جموں و کشمیر
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ عقیدہ ختمِ نبوتؐ دینِ اسلام کی بنیاد اور مسلمانوں کے ایمان کا بنیادی جزو ہے۔
صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے یومِ ختمِ نبوتؐ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ حضرت محمد مصطفی ﷺ کو اللہ تعالیٰ نے آخری نبی اور رسول بنا کر بھیجا اور آپ ﷺ کی ذات اقدس پر نبوت کا سلسلہ ہمیشہ کے لیے مکمل کر دیا گیا۔
اس کے بعد نبوت کا کوئی تصور یا دعویٰ قطعاً باطل ہے اور ایسے عناصر امتِ مسلمہ کے دشمن اور اسلام کے بدترین مخالف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ختمِ نبوت کا عقیدہ ہماری دینی، فکری اور تہذیبی شناخت ہے اور اس کا تحفظ ہم سب پر فرض ہے۔
بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ موجودہ دور میں مختلف گمراہ کن گروہ اس عقیدے کو کمزور کرنے اور مسلمانوں کے اتحاد کو پارہ پارہ کرنے کے لیے سرگرم ہیں، ایسے حالات میں ہم سب پر لازم ہے کہ اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں، اپنی نوجوان نسل کو صحیح تعلیمات سے روشناس کرائیں اور انہیں ایسے افکار و نظریات سے محفوظ رکھیں جو فتنہ و فساد کو ہوا دیتے ہیں۔
صدر آزاد جموں و کشمیر نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے ہمیشہ اسلام کی سربلندی، عقیدہ ختمِ نبوتؐ کے تحفظ اور پاکستان کے ساتھ اپنی والہانہ وابستگی کا عملی مظاہرہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت آزاد جموں و کشمیر ہر سطح پر عقیدہ ختمِ نبوتؐ کے تحفظ، اس کے فروغ اور اس کے خلاف کسی بھی فتنے کو کچلنے کے لیے تمام تر قانونی و انتظامی اقدامات جاری رکھے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس دن کے موقع پر ہمیں یہ عہد کرنا چاہیے کہ ہم اسلام کے اس بنیادی عقیدے کے دفاع کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائیں گے اور کسی بھی ایسی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے جو امتِ مسلمہ کے اتحاد کو نقصان پہنچانے کے لیے کی جائے۔ آخر میں بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں نبی کریم ﷺ کی تعلیمات پر عمل کرنے، عقیدہ ختمِ نبوتؐ کے تحفظ کے لیے متحد رہنے اور اپنی آنے والی نسلوں کو اس پیغام سے روشناس کرانے کی توفیق عطا فرمائے۔
یہ بھی پڑھیں؛ کراچی: 12 ربیع الاول کا مرکزی جلوس برآمد، وزیراعلیٰ سندھ کی صوبائی وزرا کے ہمراہ شرکت