پی آئی اے نجکاری کے بعد پہلے ہی سال منافع بخش ادارہ بن جائے گا، عارف حبیب
Stay tuned with 24 News HD Android App
(اشرف خان) چیئرمین عارف حبیب گروپ عارف حبیب نے کہا ہے کہ نجکاری کے بعد پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن (پی آئی اے )پہلے ہی سال منافع بخش ادارہ بن جائے گا۔
عارف حبیب کے مطابق پی آئی اے کے بیڑے میں اس وقت 19 جہاز ہیں،اگلے5 سال میں پی آئی اے کے بیڑے میں جہازوں کی تعداد بڑھا کر 60 تک لے جائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ پی آئی اے کے موجودہ بیڑے میں 4 سے 5 جہاز ایسے ہیں جو مرمت کے بعد دوبارہ سروس میں آ جائیں گے ،ان جہازوں کو دوبارہ آپریشنل کرنے کے لیے تیز رفتار اقدامات کیے جا رہے ہیں،عارف حبیب نے کہا کہ اس سال ان جہازوں کے علاوہ مزید 5 نئے جہاز بھی بیڑے میں شامل کیے جائیں گے،ہر سال پی آئی اے کے بیڑے میں 5 نئے جہاز شامل کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ جہازوں کی تعداد میں اضافے کے ساتھ پی آئی اے میں ملازمین کی تعداد بھی بڑھائی جائے گی،صرف ان روٹس پر پروازیں چلائی جائیں گی جو منافع بخش ہوں گی، کسی روٹ کو ڈونیشن کی بنیاد پر نہیں چلایا جائے گا، کراچی میں پی آئی اے کی انجینئرنگ سہولت پر خصوصی توجہ دی جائے گی، پی آئی اے کی انجینئرنگ سہولت پر بڑی سرمایہ کاری کی جائے گی۔
عارف حبیب نے مزید کہا کہ معاہدے کے تحت 66 فیصد حصص کی ادائیگی کر دی گئی ہے، بقیہ 34 فیصد حصص کی ادائیگی ایک سال میں کی جائے گی، معاہدے کے تحت ایک سال تک کسی بھی ملازم کو ملازمت سے نہیں نکالا جائے گا،پی آئی اے کے سینیئر عہدوں پر بھرتیاں جاری ہیں اور آئندہ ایک سے ڈیڑھ ماہ میں یہ کام مکمل کر لیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : نیا فنانس ایکٹ : پرائز بانڈ کے انعامات پر کتنا ٹیکس کٹے گا؟ جانیے