غروب آفتاب کے بعد خواتین کو تھانوں میں بلانے پر پابندی،پولیس کیلئے نئے احکامات جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
(عرفان ملک)تھانے میں ریپ اور خواتین کی ہلاکت کے بعد پولیس کے لیے نئے احکامات جاری کر دئیے گئے۔
نئے حکم نامے کے مطابق خواتین کو غروبِ آفتاب کے بعد تھانوں میں موجود رہنے کی اجازت نہیں ہوگی اور انہیں سورج غروب ہونے سے پہلے تھانے سے روانہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
حکام کے مطابق خواتین سے متعلق تمام قانونی کارروائی دن کی روشنی میں مکمل کی جائے گی۔
لاہور پولیس کی جانب سے جاری ہدایات میں کہا گیا ہے کہ مدعی یا الزام علیہ خاتون کو غروبِ آفتاب کے بعد تھانے نہیں بلایا جائے گا تاہم ہنگامی صورتحال میں کسی خاتون کو تھانے میں رکھنے کی اجازت اعلیٰ افسر کی منظوری سے مشروط ہوگی۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ شکایت کنندہ خواتین کی درخواست فوری طور پر سنی جائے گی اور ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:آئی ایس پی آر سمر انٹرن شپ پروگرام2026: مفتی عبد الرحیم کا نوجوانوں کو قومی ذمہ داریوں کا پیغام
ڈی آئی جی آپریشنز لاہور نے تمام ایس پیز اور ایس ایچ اوز کو احکامات پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد خواتین کے وقار، تحفظ اور سلامتی کو یقینی بنانا ہے۔
حالیہ واقعے کے بعد لاہور پولیس نے خواتین سے متعلق تھانوں کے طریقہ کار میں تبدیلی کرتے ہوئے نئی ایس او پیز نافذ کر دی ہیں۔