چیئرمین واپڈا کی زیر صدارت اجلاس،منصوبوں پر جلد از جلد تعمیراتی کام شروع کرنے کی ضرورت پر زور

Aug 06, 2025 | 22:50:PM
چیئرمین واپڈا کی زیر صدارت اجلاس،منصوبوں پر جلد از جلد تعمیراتی کام شروع کرنے کی ضرورت پر زور
کیپشن: چیئرمین واپڈا کی زیر صدارت اجلاس،نئے منصوبوں پر جلد از جلد تعمیراتی کام شروع کرنے کی ضرورت پر زور
سورس: 24نیوز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) محمد سعید کی زیر صدارت واپڈا ہاؤس لاہور میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا  جس میں انہوں نے پانی اور سستی بجلی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کے پیش نظر نئے منصوبوں پر جلد از جلد تعمیراتی کام شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

 اجلاس میں ممبر فنانس، ممبر پاور، ممبر واٹر، جنرل منیجرز اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں چیئرمین واپڈا کو ملک کی معاشی و معاشرتی ترقی میں واپڈا کے کردار اور جاری و مستقبل کے منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، چیئرمین نے جاری منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نیلم جہلم پراجیکٹ کی بحالی اور دیگر  زیر تعمیر منصوبوں کی تکمیل حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

چیئرمین واپڈا نے پانی اور سستی بجلی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کے پیش نظر نئے منصوبوں پر جلد از جلد تعمیراتی کام شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیا،انہوں نے کہا کہ واپڈا منصوبوں کی تعمیر میں جدید پراجیکٹ مینجمنٹ کے عالمی معیار کو اپنانا ناگزیر ہے۔

چیئرمین نے ادارے میں پیشہ ورانہ طرز عمل کو فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا  اور کہا کہ عوام کا اعتماد واپڈا کا سب سے قیمتی اثاثہ ہے جسے برقرار رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

اجلاس میں واپڈا کے آٹھ بڑے آبی و پن بجلی منصوبوں سے متعلق پیش رفت پر بریفنگ دی گئی جن میں بھاشا ڈیم، مہمند ڈیم اور تربیلا پنجم توسیعی منصوبہ نمایاں ہیں۔ بریفنگ کے مطابق یہ منصوبے 2026 سے 2030 کے دوران مرحلہ وار مکمل ہوں گے جن سے 9.7 ملین ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ اور 9025 میگاواٹ پن بجلی پیدا ہوگی۔

چیئرمین واپڈا کو بتایا گیا کہ واپڈا اس وقت 22 پن بجلی گھروں سے مجموعی طور پر 9459 میگاواٹ بجلی پیدا کر رہا ہے جو نیشنل گرڈ کو سالانہ اوسطاً 33 ارب یونٹ سستی اور ماحول دوست بجلی فراہم کرتے ہیں۔ ان منصوبوں سے فراہم کی جانے والی بجلی کا اوسط ٹیرف صرف 3 روپے 83 پیسے فی یونٹ ہے۔

اجلاس میں واپڈا کی مالی حکمت عملی، عالمی مالیاتی اداروں کے ساتھ شراکت داری، ادارے کی افرادی قوت، ہیلتھ کئیر سسٹم اور سپورٹس بورڈ کے امور پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

چیئرمین واپڈا نے ہدایت کی کہ ادارے کی بہتری اور عوامی مفاد کے تحفظ کو ہر سطح پر یقینی بنایا جائے  تاکہ واپڈا ایک مؤثر، بااعتماد اور مستقبل بین ادارے کے طور پر اپنی ذمہ داریاں انجام دے سکے۔

یہ بھی پڑھیں : داعش ،ٹی ٹی پی اور القاعدہ افغان عبوری حکومت کے ساتھ کام کر رہی ہیں،یو این ایم ٹی کی رپورٹ