اسلام آباد سیف سٹی کو کیپٹل سمارٹ سٹی میں تبدیل کرنے کا فیصلہ

وزیر داخلہ محسن نقوی کا سیف سٹی ہیڈکوارٹرزاسلام آباد کا دورہ،خصوصی اجلاس کی صدارت کی

Apr 06, 2026 | 14:22:PM
اسلام آباد سیف سٹی کو کیپٹل سمارٹ سٹی میں تبدیل کرنے کا فیصلہ
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: 24نیوز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)اسلام آباد سیف سٹی منصوبے کو کیپٹل سمارٹ سٹی میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سیف سٹی ہیڈکوارٹر اسلام آباد کا دورہ کیا اور اس حوالے سے خصوصی اجلاس کی صدارت کی۔

اجلاس میں اسلام آباد سیف سٹی کے فیز ٹو پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ فیز ٹو پر جاری تمام کام 30 مئی تک مکمل کر لیے جائیں گے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے منصوبے کی مقررہ مدت میں تکمیل کو ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں سنٹرل کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کو اپگریڈ کیا جائے گا۔ ان کے مطابق پولیسنگ، ٹریفک مینجمنٹ اور شہری سہولیات کے نظام کو ایک مربوط نظام کے تحت انٹیگریٹ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ کیپٹل سمارٹ سٹی میں ٹریفک مینجمنٹ سے لے کر کرائم کنٹرول تک جدید ٹیکنالوجی پر مبنی نظام نافذ کیا جائے گا، جبکہ اسلام آباد کو محفوظ شہر بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان اور ترکیہ میں عدالتی تعاون مضبوط بنانے کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

اجلاس میں سیف سٹی ہیڈکوارٹر کے نئے ڈیزائن کی بھی منظوری دی گئی۔ اس موقع پر آئی جی اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی نے وزیر داخلہ کو منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ فیز ٹو کا 75 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے، شہریوں کے تحفظ کے لیے جدید کیمروں اور مانیٹرنگ سسٹم کی تنصیب جاری ہے۔ اب تک 152 کلومیٹر طویل فائبر آپٹک کیبل بچھائی جا چکی ہے۔

مزید بتایا گیا کہ فیز ٹو کے کام کو 20 مئی تک مکمل کر کے ٹیسٹنگ کا عمل شروع کیا جائے گا۔

اجلاس میں وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا، ڈی جی ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور، آئی جی اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی، ڈی جی سیف سٹی ہارون جوئیہ سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔