متعدد افسران کے تقرر و تبادلے، کنٹریکٹ و ڈیپوٹیشن پر تقرریوں میں توسیع کی منظوری 

May 05, 2026 | 23:18:PM
متعدد افسران کے تقرر و تبادلے، کنٹریکٹ و ڈیپوٹیشن پر تقرریوں میں توسیع کی منظوری 
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(بابر شہزاد تُرک)وفاقی حکومت نے متعدد افسران کے تقرر و تبادلوں اور کنٹریکٹ و ڈیپوٹیشن پر تقرریوں میں توسیع کی منظوری دی ہے جبکہ تقرری کے منتظر 7  افسران کو او ایس ڈی بنا دیا گیا ہے۔

 اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ مختلف نوٹیفکیشنز کے مطابق صدر مملکت نے ایوان صدر کے لیگل کنسلٹنٹ عرفان قادر خان کی کنٹریکٹ پر تقرری میں 3 سال کی توسیع کی منظوری دی ہے جو کہ 29 اپریل 2026 سے شمار ہو گی جبکہ سندھ حکومت میں ڈیپوٹیشن پر تعینات سیکرٹریٹ گروپ کے گریڈ 20 کے حفیظ اللہ عباسی کے ڈیپوٹیشن میں ایک سال کی توسیع کی گئی ہے جو 3 اپریل 2026 سے شمار ہوگی۔

 مزید برآں ڈائریکٹر کمرشل آڈٹ اسلام آباد اور پاکستان آڈٹ اینڈ اکاؤنٹس سروس کے گریڈ 19 کے شیراز حسین وگن کی خدمات 3 سال کیلئے ڈیپوٹیشن پر سندھ حکومت کے سپرد کی گئی ہیں اور ڈپٹی سیکرٹری وزارت آبی وسائل سید ناطق حسین شاہ کو تبدیل کر کے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، دیگر نوٹیفکیشنز کے مطابق ڈپٹی سیکریٹری وزارت امور کشمیر ظفر خالد کو تبدیل کرکے ڈپٹی سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن تعینات کیا گیا ہے جبکہ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں تقرری کے منتظر پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے 9 افسروں طوبیٰ موسیٰ، طلحہ احمد، مس عرفہ زاہد، یاشب یوسف، کامران سرویا، فاطمہ ایوب، فاروق احمد، سنیل یونس، نایاب مقصود، علیزہ عارف اور تقرری کی منتظر آفس مینجمنٹ گروپ  کی گریڈ 18 کی فضیلت نعیم کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں او ایس ڈی بنایا گیا ہے۔

 علاوہ ازیں، محکمۂ تعلیم خیبر پختونخوا کی گریڈ 17 کی سبجیکٹ اسپیشلسٹ مائرہ یونس کو تبدیل کر کے وفاقی نظامت تعلیمات اسلام آباد میں تعینات کیا گیا ہے اور پاکستان کونسل آف سائنٹفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ کے ایڈمنسٹریٹو افسر قاضی محمد اظہر میمن کو ڈیپوٹیشن پر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں تعینات کیا گیا ہے جبکہ محسن عباس رضوی کو ڈیپوٹیشن پر سیکشن افسر بین الصوبائی رابطہ ڈویژن تعینات کیا گیا ہے۔

دیگر کیٹیگریز: پاکستان - قومی
ٹیگز: