حکومت نے چھوٹے دکانداروں کیلئے فکس ٹیکس سکیم متعارف کرادی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)حکومت نے چھوٹے دکانداروں کیلئے فکس ٹیکس سکیم متعارف کرا دی ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ٹیکس نظام میں وسعت لانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے اور ٹیکس کی شرح بڑھانے کے بجائے اسے کم کرنے پر توجہ دی جا رہی ہے تاکہ ٹیکس دہندگان پر بوجھ کم کیا جا سکے۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ گزشتہ سال سیلاب اور مشرقِ وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال کے باوجود ملکی معیشت مستحکم رہی اور حکومت نے مختلف چیلنجز کا مقابلہ اپنے وسائل سے کیا، کسی بیرونی مدد کی ضرورت پیش نہیں آئی، ملک میں ایک منصفانہ اور مؤثر ٹیکس نظام کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے۔
اس موقع پر وزیر مملکت خزانہ بلال اظہر کیانی نے بتایا کہ حکومت نے چھوٹے دکانداروں کے لیے فکس ٹیکس سکیم متعارف کرا دی ہے، جو تاجروں اور انجمنِ تاجران کی مشاورت سے تیار کی گئی ہے، اس سکیم کا اطلاق ایسے دکانداروں پر ہوگا جن کا سالانہ ٹرن اوور 20 کروڑ روپے یا اس سے کم ہے، جبکہ دکاندار اپنی مرضی سے موجودہ ٹیکس نظام میں بھی رہ سکتے ہیں۔
بلال اظہر کیانی نے کہا کہ اسکیم میں شامل دکانداروں کو ایف بی آر کی جانب سے خصوصی شناختی پلیٹ جاری کی جائے گی، جس پر دکان کا نام، این ٹی این اور ٹیکس سے متعلق معلومات درج ہوں گی۔ انہوں نے بتایا کہ پلیٹ پر موجود کیو آر کوڈ کے ذریعے ایف بی آر انسپکٹر تصدیق کرے گا اور کیو آر کوڈ اسکین کیے بغیر کسی انسپکٹر کو دکان میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسکیم میں شامل دکانداروں کو عمومی آڈٹ سے استثنا حاصل ہوگا، جبکہ کسی خصوصی آڈٹ سے قبل تاجر تنظیموں سے مشاورت کی جائے گی۔ آڈٹ معاملات کے لیے ایک باقاعدہ کمیٹی بھی قائم کی جائے گی، ملک میں 30 سے 40 لاکھ چھوٹے دکاندار موجود ہیں اور انہیں ٹیکس نیٹ میں لانا ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
وزیر مملکت خزانہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر خزانہ کی حمایت سے اس سکیم کو نافذ کیا جا رہا ہے، جبکہ ایف بی آر حکام اور تاجر برادری کے تعاون سے اسے حتمی شکل دی گئی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تاجروں کے ساتھ مل کر اس اسکیم کو کامیاب بنایا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:،پاکستان،سعودی عرب کے درمیان اہم معاہدوں پر دستخط!