گوگل میپس میں جلد کھانا آرڈر کرنے کی سہولت متعارف کرائے جانے کا امکان
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 ںیوز)گوگل میپس، جو اب تک زیادہ تر راستوں کی رہنمائی اور منزل تک رسائی کے لیے استعمال ہوتا رہا ہے، مستقبل قریب میں صارفین کو کھانا آرڈر کرنے کی سہولت بھی فراہم کر سکتا ہے۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ اینڈرائیڈ اتھارٹی کی رپورٹ کے مطابق گوگل میپس کے اینڈرائیڈ ورژن کے تازہ کوڈ میں ایک نئے فیچر کے شواہد سامنے آئے ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ صارفین جلد چیٹ کے ذریعے اپنی پسند کا کھانا آرڈر کر سکیں گے۔
رپورٹ کے مطابق یہ فیچر گوگل میپس کے نئے مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی ٹول "Ask Maps" کے ساتھ مربوط ہوگا، جس کے ذریعے صارفین نہ صرف مختلف مقامات، ریسٹورنٹس اور دیگر جگہوں کے بارے میں معلومات حاصل کر سکیں گے بلکہ گفتگو کے دوران ہی کھانے کا آرڈر دینے کا آپشن بھی دستیاب ہوگا۔
ابتدائی معلومات سے یہ بھی اشارہ ملتا ہے کہ صارفین دورانِ سفر گوگل میپس کے ذریعے باآسانی کھانے کا آرڈر دے سکیں گے، جس سے ایپ کی افادیت میں مزید اضافہ متوقع ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایپ کے کوڈ میں موجود مختلف بٹن اور دیگر عناصر اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ گوگل اس فیچر کی تیاری پر کام کر رہا ہے۔ چند ہفتے قبل گوگل نے اپنی ایک بلاگ پوسٹ میں بھی عندیہ دیا تھا کہ مستقبل میں گوگل میپس کے اندر ہی فوڈ آرڈرنگ کی سہولت متعارف کرائی جائے گی۔
مزید برآں، کوڈ میں "Drive Up" سروس کا بھی ذکر موجود ہے، جس کے تحت صارفین آن لائن آرڈر کیے گئے کھانے کو مقررہ مقام سے خود وصول کر سکیں گے۔ تاہم گوگل کی جانب سے اس نئے فیچر کی باضابطہ لانچنگ یا دستیابی کی تاریخ ابھی تک سامنے نہیں آئی۔
یہ بھی پڑھیں :آزاد کشمیر الیکشن :حتمی فہرست جاری ، 852 امیدوار انتخابی میدان میں مدمقابل