چور دروازے سے قرارداد پیش کرنا اور منظور کرنا ایوان بالا کی توہین ہے، جاوید لطیف

Jan 05, 2024 | 19:16:PM
چور دروازے سے قرارداد پیش کرنا اور منظور کرنا ایوان بالا کی توہین ہے، جاوید لطیف
کیپشن: میاں جاوید لطیف (فائل فوٹو)
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ اس طرح چور دروازے سے قرارداد پیش کرنا اور منظور کرنا ایوان بالا کی توہین ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر بیان جاری کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما کا کہنا تھا کہ چور دروازے سے قرارداد پیش کرکے الیکشن ملتوی کرانے کی خواہش پوری نہیں ہوگی، مسلم لیگ (ن) اس کی بھرپور مخالفت کرتی ہے۔

انہوں نے کہا ہم الیکشن میں ایک لمحے کا بھی التوا نہیں ہونے دیں گے، ہم ہر طرح کی سازش کے سامنے کھڑے ہیں۔

یاد رہے کہ آج سینیٹ میں الیکشن ملتوی کروانے سے متعلق قرارداد منظور کی گئی ہے۔

مذکورہ قرارداد خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے آزاد سینیٹر دلاور خان نے پیش کی، قرارداد کی منظوری کے وقت سینیٹ میں صرف 14 ارکان موجود تھے، قرارداد کے وقت سینیٹ میں کورم پورا نہیں تھا۔ 

سینیٹر دلاور خان نے کہا کہ ملک کے بعض علاقوں میں شدید سردی کا موسم ہے، سیاسی جماعتوں نے اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بعض سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کو سیکیورٹی خطرات ہیں، انٹیلی جنس ایجنسیز نے ریلیوں پر حملوں کا سیکیورٹی الرٹ جاری کیا ہے۔

سینیٹر دلاور خان نے کہا کہ کورونا کا معاملہ بھی اس وقت ہے، 8 فروری کو انتخابات ملتوی کرنے چاہئیں۔

منظور کردہ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ملک میں سیکیورٹی کےحالات انتہائی خراب ہیں، مختلف علاقوں میں موسم سرما اپنی انتہا پر ہے، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں حالات کشیدہ ہیں، فروری میں ہونے والے انتخابات کو ملتوی کیا جائے۔