حکومت کا گندم کو ذخیرہ کرنے کیلئے پاسکو کی جگہ نئی کمپنی بنا نے کا فیصلہ

Apr 05, 2026 | 09:23:AM
 حکومت کا گندم کو ذخیرہ کرنے کیلئے پاسکو کی جگہ نئی کمپنی بنا نے کا فیصلہ
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)حکومت نے گندم کے ذخیرہ اور خریداری کے نظام میں اصلاحات کے لیے 350 ارب روپے کی نئی کمپنی قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جبکہ پاکستان ایگریکلچرل اسٹوریج اینڈ سروسز کارپوریشن (پاسکو) کو ختم کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے، اس اقدام کا مقصد مالی دباؤ کم کرنا، ذخیرہ نظام کی بہتری اور غذائی تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نئی کمپنی ’وہیٹ سٹاک مینجمنٹ کمپنی (WSMC)‘ کے نام سے قائم کی جائے گی، جو پاسکو کی جگہ لے گی اور اس کے 527 ارب روپے سے زائد کے واجبات بھی اپنے ذمے لے گی۔ کمپنی کو سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان میں رجسٹر کر لیا گیا ہے اور یہ قومی گندم ذخائر کا کنٹرول سنبھالے گی۔

حکام کے مطابق اس کمپنی کا مجاز سرمایہ 350 ارب روپے ہوگا اور یہ بینکوں سے طویل مدتی قرضہ بھی حکومتی ضمانت کے تحت حاصل کرے گی، وزارتِ نیشنل فوڈ سکیورٹی کے سیکریٹری کو کمپنی کا چیئرمین بنانے کی تجویز ہے، جبکہ بورڈ میں دیگر اعلیٰ حکام بھی شامل ہوں گے۔

مزید پڑھیں:تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر بڑا اضافہ

ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ اقدام گندم کی خریداری اور ذخیرہ میں موجود دیرینہ مسائل، اضافی ذخیرہ اندوزی، صوبوں کو ادائیگی میں تاخیر اور کمزور انتظامی نظام کو بہتر بنانے کے لیے کیا جا رہا ہے۔

یہ اصلاحات دسمبر 2025 میں اقتصادی رابطہ کمیٹی سے منظور اور بعد ازاں وفاقی کابینہ سے توثیق حاصل کر چکی ہیں، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف بھی اس منصوبے کی منظوری دے چکے ہیں، حکام کو توقع ہے کہ نئی کمپنی کے قیام سے نہ صرف نظام میں بہتری آئے گی بلکہ مستقبل میں قرضوں کے بوجھ میں بھی کمی ہوگی۔