دریاؤں میں سیلابی صورتحال اور ممکنہ بارشوں کے حوالے سے الرٹ جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
(روزینہ علی)این ڈی ایم اے نے دریاؤں میں سیلابی صورتحال اور ممکنہ بارشوں کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا۔
مون سون کے نویں سپیل کے دوران سندھ کے جنوبی اضلاع بشمول ٹھٹھہ، سجاول، بدین، مٹھی، تھرپارکر، عمرکوٹ میں بارشوں کی توقع ہے ۔ سانگھڑ، کراچی، حیدرآباد اور جامشورو میں بارشوں کا امکان ہے ، شمالی اضلاع بشمول سکھر، گھوٹکی، لاڑکانہ، خیرپور، دادو اور جیکب آبادمیں بھی ہلکی سے درمیانی بارشیں متوقع ہیں۔
رپورٹ کے مطابق دریائے چناب میں قادرآبادکے مقام پر 5 لاکھ 7 ہزار کا بہاؤ موجود ہے ۔چنیوٹ میں 5 لاکھ 24 ہزارکیوسک کا بہاؤ موجود ہے۔خانکی کے مقام پر 2 لاکھ 59 ہزار کیوسک کے ساتھ اونچے درجے کا بہاؤ موجود ہے ۔مرالہ اور تریموں کے مقام پر درمیانے سے اونچے درجے کا بہاؤ برقرار ہے۔ ریوا ز پل پر پانی کی سطح 520.3 فٹ،ہیڈ محمد والا اور شیرشاہ کے مقام پر بہاؤ میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ قادرآباد سے تریموں تک نشیبی علاقوں کے مکین محتاط رہیں۔
دریائے چناب کے ملحقہ نالوں ایک اور پلکھو میں بھی غیر معمولی بہاؤکی وجہ سے قریبی دیہات میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں:عام تعطیل کا اعلان
دریائے راوی میں شاہدرہ کے مقام پر 1 لاکھ اور بلوکی کے مقام پر1 لاکھ 34 ہزارکیوسک بہاؤ موجود ہے۔ہیڈ سدھنائی پر 1 لاکھ 35 ہزار کیوسک کے ساتھ شدید اونچے درجے کا بہاؤ برقرارہے ۔
رپورٹ کے مطابق جسر پر درمیانے تا اونچے درجے کی سیلابی صورتحال موجودہے۔ دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر 3 لاکھ 27 ہزار کیوسک بہاؤ کے ساتھ اونچے درجے کا سیلاب موجود ہے۔سلیمانکی اور اسلام ہیڈ ورکس پر بھی اونچے درجے کی سیلابی صورتحال برقرار ہے۔بارشوں کے ساتھ ساتھ بھارتی ڈیموں سے پانی کے مسلسل اخراج کے باعث مشرقی دریاؤں میں سیلابی صورتحال برقرارہے۔
وزیراعظم کی ہدایت پر این ڈی ایم اے تمام ریسکیو و ریلیف سرگرمیاں کی نگرانی کر رہا ہے ۔نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر 24 گھنٹے کے لئے مکمل فعال ہے۔این ڈی ایم اے سول و عسکری اداروں کے ساتھ رابطے میں ہے ۔
این ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ دریاؤں کے کناروں اور واٹر ویز پر رہائش پذیر افراد فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔ممکنہ طور پر زیر آب آنے کے خطر ے سے دوچار علاقوں کے مکین انخلاء کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔انخلا ء کے بعد عارضی کیمپس سے اپنے علاقوں میں واپسی کیلئے اداروں کے ہدایات پر عمل یقینی بنائیں۔مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر فوری عمل کریں اور ہنگامی حالات میں امدادی ٹیموں سے رابطہ کریں۔
این ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ سیلاب زدہ علاقوں میں غیر ضروری سفر سے مکمل گریز کریں۔ ہنگامی کٹ (پانی، خوراک، ادویات) تیار رکھیں اور اہم دستاویزات محفوظ کریں۔
یہ بھی پڑھیں:میٹرک کے سپلیمنٹری امتحانات ملتوی ،اب کب ہونگے؟طلبا کیلئے اہم خبر