سندھ نے نواز شریف کو کالاباغ ڈیم بنانے نہیں دیا تو مریم نواز کی کیا حیثیت ہے،نثار کھوڑو

Oct 04, 2025 | 19:05:PM
سندھ نے نواز شریف کو کالاباغ ڈیم بنانے نہیں دیا تو مریم نواز کی کیا حیثیت ہے،نثار کھوڑو
کیپشن: نثار کھوڑو، فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(عاجز جمالی)پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کہاکہ سندھو دریاء پر لنک کینالز اور ڈیم بنانے کی بات کرینگے تو سندھ نے نواز شریف کو کالاباغ ڈیم بنانے نہیں دیا تو مریم نواز کی کیا حیثیت ہے۔پیپلز پارٹی نے وزیراعلیٰ مریم نواز کے متنازعہ کینال منصوبے کے متعلق ریمارکس کو سی سی آئی کے فیصلے کی خلاف ورزی اور آئینی فورم کی توہین قرار دیااور  مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف سے مریم نواز کے ریمارکس کا نوٹس لینے اور پارٹی پالیسی واضح کرنے کا مطالبہ کردیا۔ پیپلز پارٹی نے پنجاب حکومت سے سیلاب متاثرین کو دی جانے والی امداد قوم کے سامنے ظاہر کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

نثار کھوڑو کاکہناتھا کہ  سی سی آئی کا آئینی فورم متنازعہ کینال منصوبے کو مسترد اور دفن کرچکا ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب سی سی آئی کے آئینی فورم سے بالاتر نہیں ہیں۔  مریم نواز کی اکیلے سی سی آئی کے مقابلے میں کوئی حیثیت نہیں۔سی سی آئی کا یہ متفقہ فیصلہ ہے کے جب تک تمام صوبے اتفاق نہیں کرینگے تب تک کوئی کینال منصوبہ نہیں بنے گا ۔  سندھ کو کسی صورت متنازعہ کینال منصوبے قبول نہیں ہیں۔ مریم نواز متنازعہ کینالوں کے متعلق ریمارکس دے کر سی سی آئی کے فیصلے کی خلاف ورزی اور آئینی فورم کی توہین کر رہی ہیں۔

پیپلزپارٹی سندھ کے صدر کاکہناتھا کہ مریم نواز کو اپنے صوبے کے اندر اپنے دریاؤں پر اپنے پانی سے ڈیم بنانے سے کسی نے نہیں روکا ، سندھو دریاء پر لنک کینالز اور ڈیم بنانے کی بات کرینگے تو سندھ نے نواز شریف کو کالاباغ ڈیم بنانے نہیں دیا تو مریم نواز کی کیا حیثیت ہے۔ سندھ صوبہ اپنے سندھو دریا کے پانی پر کسی کو بھی ڈاکہ ڈالنے نہیں دے گا نہ ہی سندھو  دریا پر کسی کو ڈیم بنانے دینگے۔

نثار کھوڑوکاکہناتھا کہ آئینی طور پر پانی پر پہلا حق ٹیل والے صوبے سندھ کا ہے اور سندھ کے پانی پر حملہ سندھ اور ملک کی وحدت پر حملہ تصور ہوگا۔  نواز شریف میں سیاسی سمجھ تھی جس نے ماضی میں کالاباغ ڈیم کا اعلان واپس لیا اور مریم نواز میں سیاسی سمجھ نہیں اس لئے وہ آئینی فورمز کی توہین کر رہی ہیں۔  مسلم لیگ ن کا قائد نواز شریف ہے مریم نواز نہیں اس لئے نواز شریف مریم نواز کے بیانوں کا نوٹس لیں اور اس متعلق پارٹی پالیسی واضح کریں۔ 

ان کاکہناتھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز پیپلز پارٹی کی پنجاب میں بڑھتی ہوئی مقبولیت سے خوفزدہ ہیں اس لئے وہ پنجاب میں سیلاب متاثرین کی بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے ریلیف دینے کے عمل کی مخالف ہیں۔  پنجاب کسی ایک جماعت کی جاگیر نہیں، پیپلز پارٹی سمیت ہر سیاسی جماعت کو پنجاب میں سیاسی سرگرمیاں کرنے کا حق حاصل ہے۔ 

صدر پی پی سندھ کا کہناتھا کہ مریم نواز کی پنجاب کے سیلاب متاثرین کو امداد و ریلیف پہنچانے کی کارکردگی کے دعوے صرف صرف ٹی وی چینلز تک محدود ہیں، پنجاب کے سیلاب متاثرین تاحال امداد و ریلیف کے لئے انتظار کرکے ترس رہے ہیں،وزیراعلیٰ پنجاب کی سیلاب متاثرین کو مکمل امداد و ریلیف فراہم کرنے کے کھوکھلے دعوؤں کا پول کھل چکا ہے۔ 

ان کاکہناتھا کہ اگر وزیراعلیٰ پنجاب  سیلاب متاثرین کو مکمل ریلیف و امداد پہنچا رہی ہیں تو وہ قوم کے سامنے ظاہر کریں۔  پنجاب حکومت نے سیلابی پانی کو پھیلانے کے لئے ایک منصوبہ بندی کے ساتھ کٹ لگوا کر غریب کسانوں اور ان کے فصلوں کو ڈبویا اور امیر طبقے کے بنگلوں کو بچایا ہے۔ 

یہ بھی پڑھیں: نے فلک جاوید کے جسمانی ریمانڈ میں مزید توسیع کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنا دیا

دیگر کیٹیگریز: پاکستان - سندھ
ٹیگز: