تم آو تو سہی! رانا ثنا اللہ نے عمران خان کو بڑا چیلنچ دے دیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
اسلام آباد(اویس کیانی )وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ تم آؤ تو سہی؛ چھپ کر نہ بیٹھ جانا، اسلام آباد پر چڑھائی کر کے دکھاؤ۔ میرا بھی تم سے وعدہ ہے ۔
وفاقی وزیر داخلہ نے بغیر کسی کا نام لئے ٹوئیٹ کیا ہے،ان کے اس ٹوئیٹ پر دلچسپ تبصرے بھی سامنے آئے ہیں ،ایک صارف نے لکھا ہے کہ افسوس کی بات ہے جس عوام پر حکومت کی جارہی ہے اسی عوام کیلئے یہ الفاظ استعمال کے جا ر ہے ہیں !!
تم آو تو سہی؛ چھپ کر نہ بھیٹھ جانا، اسلام آباد پر چڑھائی کر کے دکھاؤ۔ میرا بھی تم سے وعدہ ہے❗️
— Rana SanaUllah Khan (@RanaSanaullahPK) October 4, 2022
دوسری جانب دارالحکومت اسلام آباد پر پی ٹی آئی کی ممکنہ چڑھائی یا واردات روکنے کے حوالے سے حکمت عملی کوحتمی شکل دینے کیلئے وزارت داخلہ میں اہم اجلاس ہوا ہے،ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ خان نے اجلاس کی صدارت کی،شرکاء کو ہدایات جاری کیں۔پی ٹی آئی کے ممکنہ لانگ مارچ اور دھرنے کو روکنے سے متعلق حکمت عملی کو حتمی شکل دے دی گئی۔ وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ کی ہدایت پراجلاس کی کاروائی کو ان کیمرا رکھا گیا۔
ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ سکیورٹی ایجنسیز نے وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ کو پی ٹی آئی کے ممکنہ لانگ مارچ کے حوالے سے بریفنگ دی۔ پی ٹی آئی لانگ مارچ شرکاء کی تعداد 15سے 20 ہزار کے درمیان ہونے کا امکان ہے۔مارچ کے دوران امن وامان یقینی بنانے کیلئےاسلام آباد پولیس سمیت سندھ پولیس، رینجر،اور ایف سی کی خدمات لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ضرور پڑھیں : نیب ترامیم کیخلاف عمران خان کی درخواست پر روزانہ کی بنیاد پر سماعت کرینگے: سپریم کورٹ
امن وامان کیلئے اسلام آباد پولیس سمیت، سندھ پولیس، ایف سی اور رینجرز کی تیس ہزار نفری کا بندوبست کرنے کا فیصلہ - ممکنہ لانگ مارچ کے دوران ریڈ زون میں واقع سرکاری عمارتوں اور ڈپلومیٹک انکلیو کی سکیورٹی پاک فوج کے حوالے کرنے کا فیصلہ۔ پی ٹی آئی ممکنہ مارچ کی صورت میں پاک فوج، دارلحکومت اسلام آباد میں آئین پاکستان کے آرٹیکل 245 کے تحت تعینات ہوگی۔ پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کو دارالحکومت اسلام آباد میں کسی بھی صورت میں داخل نہ ہونے دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کو لاجسٹک اور مالی معاونت فراہم کرنے والے افراد اور تنظیموں کے خلاف ایکشن کی منظوری دی گئی ۔دارالحکومت اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کی صورت میں آتشیں اسلحہ ساتھ رکھنے پرمکمل پابندی لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔وفاق پر پی ٹی آئی جلوس کے ساتھ چڑھائی کرنے اور معاونت فراہم کرنے والے وفاقی ملازمین کی مکمل شناخت اور Estacodeکے تحت کاروائی کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
لانگ مارچ کے دوران اسلام آباد کے شہریوں کی نقل وحمل کی آزادی اورہسپتالوں اور سکولوں کو فنگشل رکھنے کے حوالے سے ہدایات دی ہیں ،اجلاس میں سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر، کمانڈنٹ ایف سی صلاح الدین محسود،آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر، کمانڈر رینجرز اسلام آباد نے شرکت کی ہے،اجلاس میں چیف کمشنراسلام آباد عثمان یونس، ڈی آئی جی آپریشنز سہیل ظفر چٹھہ ،ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان میمن بھی شریک ہوئے،اجلاس میں سکیورٹی ایجنسیز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔