نوجوانوں کو پیروں پر کھڑا کرنے کیلئے شہباز شریف نے مالیاتی پلان تشکیل دینے کی ہدایت کر دی

Mar 04, 2024 | 23:10:PM
نوجوانوں کو پیروں پر کھڑا کرنے کیلئے شہباز شریف نے مالیاتی پلان تشکیل دینے کی ہدایت کر دی
کیپشن: وزیراعظم شہباز شریف، فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے معاشی صورتحال کی بحالی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت کر دی، شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہمیں ملک کی معیشت کو بہتر کرنے کا مینڈیٹ ملا ہے اور یہی  ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔

 تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے  حلف اٹھانے کے چند گھنٹوں بعد ہی   ملکی معیشت کی بحالی کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد کیا، وزیراعظم کو سیکرٹری خزانہ کی طرف سے ملکی معاشی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی،وزیراعظم نے معاشی صورتحال کی بحالی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ ہمیں ملک کی معیشت کو بہتر کرنے کا مینڈیٹ ملا ہے اور یہی  ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے،ہماری  حکومت ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروباری برادری کو سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے بھرپور طریقے سے کام کرے گی۔

اجلاس میں وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی کہ وزیراعظم کی ہدایت پر فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے 65 ارب روپوں کے ٹیکس ریفنڈز کلئیر کر دیئے،وزیراعظم نے ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسیلیٹی کے حوالے سے آئی ایم ایف سے بات چیت کو فوری طور پر آگے بڑھانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ  ایسے ٹیکس پئیرز جو کہ ملکی برآمدات میں اضافے اور ملکی معیشت میں ویلیو ایڈیشن کے لئے کام کر رہے ہیں وہ ہمارے سروں کا تاج ہیں ہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں،اچھے ٹیکس پئیرز کی حکومتی سطح پر پذیرائی کی جائے گی ،فیڈرل بورڈ آف ریونیو میں شفافیت لانے کے لئے آٹومیشن نا گزیر ہے۔

وزیراعظم شہبازشریف نے ہدایت کی کہ  ایف بی آر اور دیگر اداروں کی آٹومیشن پر فی الفور کام شروع کیا جائے ،نقصان میں جانے والے حکومتی ملکیتی اداروں کی نجکاری کی جائیگی تاکہ یہ ادارے ملکی معیشت پر مزید بوجھ نہ بنیں،وزیراعظم نے  حکومتی بورڈز کے ممبران کی مراعات میں کمی کے لئے واضح حکمت عملی ترتیب دینے کے لئے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت  دی،وزیراعظم نے پاور اور گیس سیکٹرز کی  سمارٹ میٹرنگ پر منتقلی کے لئے لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ سمارٹ میٹرنگ سے لائین لاسز کم کرنے مدد ملے گی،تمام بینکس اور مالیاتی ادارے درمیانے اور چھوٹے درجے کے کاروبار کے فروغ کے لئے حکمت عملی تیار کریں تاکہ ملک کے نوجوانوں کو اپنے پیروں پر کھڑا ہونے میں مدد مل سکے ،حکومتی حجم کم کیا جائے گا ، ایسے ادارے جن کی ضرورت نہیں انہیں یا تو ضم کر دیا جائے یا پھر بند کر دیا جائے، اس حوالے سے حکمت عملی بنائی جائے ۔

انہوں نے کہاکہ سپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل ملک میں معاشی  استحکام کے حوالے سے ایک انتہائی اہم قدم ہے جس کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔

وزیراعظم کا اگلا اجلاس فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے حوالے سے منعقد کیا جائے گا۔ شہبازشریف نے کہاکہ عوام کو سہولیات فراہم کرنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں گے،کاروباری برادری ، سرمایہ کاروں اور نوجوانوں کو سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کراتے ہیں ۔