جیسے پی ڈی ایم حکومت بنی ایسے ہی فلم ’تیری میری کہانیاں‘ بنائی گئی، واسع چوہدری

Jun 04, 2023 | 12:15:PM
 اداکار، رائٹر اور میزبان واسع چوہدری نے فلم تیری میری کہانیاں کی پی ڈی ایم حکومت سے مماثلت بیان کردی۔
کیپشن: فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز) اداکار، رائٹر اور میزبان واسع چوہدری نے فلم تیری میری کہانیاں کی پی ڈی ایم حکومت سے مماثلت بیان کردی۔

فلم ’تیری میری کہانیاں‘کے ٹریلر لانچ کی تقریب میں آئے اداکار واسع چوہدری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ یہ ایک انتھالوجی فلم ہے جس میں تین چھوٹی چھوٹی فلموں کوملا کر ایک ساتھ پیش کیا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ اس کو آپ ایسے بھی کہہ سکتے ہیں کہ جس طرح آج کل پی ڈی ایم کی ملک میں حکومت ہے جیسے بہت سی جماعتوں نے ملک کر حکومت بنائی ہے ایسے ہی بہت سے فلمسازوں نے مل کر یہ فلم بنائی ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ پراجیکٹ آج کل کے وقت کے حساب سے لانچ کیا گیا ہے ۔

دوسری جانب عید الاضحی پر پیش کی جانے والی ملٹی ڈائریکٹرز فیچر فلم ’تیری میری کہانیاں‘ کے ٹریلر لانچ کی تقریب میں بڑی تعداد میں فنکاروں نے شرکت کرکے تقریب کو چار چاند لگا دیئے۔

تین کہانیوں پر مبنی فیچر فلم کی رنگا رنگ لانچنگ کی تقریب کا انعقاد ہوا جس میں سی پرائم کی جانب سے نے اپنی آنے والی فیچر فلم ’تیری میری کہانیاں‘ کی پہلی جھلکیاں دکھائی گئیں۔

تیری میری کہانیاں کی خاص بات یہ ہے کہ یہ فلم پاکستانی سینما میں پیش کی جانے والی سب سے زیادہ اسٹار کاسٹ پر مبنی فلم ہے جس میں ایک ساتھ کئی اداکار جلوہ گر ہوں گے۔

کراچی کے مقامی ہوٹل میں منعقد اس رنگارنگ تقریب میں مہوش حیات، وہاج علی، رمشا خان، شہریار منور، مانی، ہرا مانی، لیلیٰ واسطی، صبا پرویز و دیگر شوبز فنکاروں نے شرکت کی۔

فلم تیری میری کہانیاں میں مہوش حیات کے ساتھ پاکستان میں آج کے دور کے مقبول فنکار وہاج علی پہلی مرتبہ سلور اسکرین پر اپنی اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔

انڈسٹری کے ایک اورناموراداکار زاہد احمد بھی اپنی پرکشش شخصیت کے ساتھ مقبول ترین ماڈل اور اداکارہ آمنہ الیاس کے ہمراہ اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔

ان کے علاوہ آپ اسکرین کی دنیا میں پہلی مرتبہ قدم رکھنے والے جوڑے شہریار منور اور رمشا خان کو بھی ایک ساتھ دیکھیں گے۔

آخر میں شوبز کی مشہور جوڑی حرا اور مانی بھی پہلی مرتبہ ایک ساتھ سلور اسکرین پر جلوہ گر ہوں گے۔

یاد رہے کہ عیدالاضحی کے موقع ریلیز ہونے والی اس فیچر فلم کی کہانی خلیل الرحمن قمر، واسع چودھری، علی عباس نقوی اور باسط نقوی کے اشتراک سے ریلیز کی جارہی ہے جبکہ فلم کے ڈائریکٹرز میں نبیل قریشی، ندیم بیگ اور سلور اسکرین پر پہلی مرتبہ بطور ڈائریکٹر کام کرنے والی نامور اداکارہ مرینہ خان بھی شامل ہیں۔