مون سون کے نئے سپیل کا آغاز ، آج سے 10 جولائی تک ملک بھر میں بارشیں ہی بارشیں
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)ملک بھر میں مون سون کے نئے سپیل کا آغاز ہوگیا، محکمہ موسمیات نےآج سے 10 جولائی تک وقفے وقفے سے تیز بارشوں کی پیشگوئی کردی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق موجودہ مون سون سسٹم 10 جولائی تک ملک کے مختلف حصوں میں بارش برساتا رہے گا۔
اسلام آباد میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ کراچی میں آئندہ دو روز ہلکی بارش ہوگی، 8 جولائی سے بارشوں کا ایک اور سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پر پانی کے بہاؤ میں اضافہ متوقع ہے، جبکہ تربیلا ڈیم میں نچلے درجے کی سیلابی صورتحال کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
ادارے نے خبردار کیا ہے کہ گلیات، مری اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے، جبکہ گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کا اندیشہ بھی موجود ہے۔
بالائی اور وسطی سندھ کے نشیبی علاقوں میں بھی سیلابی پانی جمع ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے کہا ہے کہ 6 سے 10 جولائی تک ملک بھر میں بارش، آندھی اور طوفان کا امکان ہے، شہری علاقوں میں ممکنہ طور پر سیلابی صورتِ حال کا خدشہ ہے،اسلام آباد، لاہور، راول پنڈی، اٹک اور جہلم سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں طوفان کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
پشاور، دیر، سوات، چترال اور کوہستان سمیت خیبر پختون خوا کے مختلف شہروں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
کوئٹہ، ژوب، زیارت اور قلات سمیت بلوچستان کے مختلف شہروں میں بھی بادل برسنے کے امکانات ہیں، مظفر آباد، وادی نیلم اور راولا کوٹ میں شدید بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
میرپورخاص، عمرکوٹ، ٹھٹہ، بدین، گھوٹکی، خیرپور، شکارپور، لاڑکانہ، جیکب آباد اور دادو میں بھی شدید بارشیں متوقع ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے مختلف علاقوں میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا امکان ہے ، آج لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 31 اور زیادہ سے زیادہ 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
پنجاب کے دارالحکومت میں ہوا میں نمی کی شرح میں اضافے کے باعث شہری پسینے سے شرابور ہیں جبکہ طبی ماہرین نے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
محکمہ موسمیات نے اطلاع دی ہے کہ بارش برسانے والا نیا مون سون سسٹم کل سے دوبارہ پاکستان میں داخل ہوگا، جس کے نتیجے میں مزید بارشوں اور تیز ہواؤں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
اس سے شہریوں کو ایک جانب گرمی سے کچھ ریلیف ملے گا، مگر دوسری جانب شہری نظامِ زندگی پر اثرات بھی مرتب ہو سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ کلر کہار،پنڈی بھٹیاں، سانگلہ ہل میں بادل گزشتہ شب بھی خوب برسے ہیں، چکوال میں موسلادھار بارش ہوئی، نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔