صارفین کے ساتھ گھناؤنا مذاق، بجلی کمپنیوں کی جانب سے ایوریج بل بھیجنے اور زیادہ بلنگ کا انکشاف

Dec 04, 2023 | 23:00:PM
صارفین کے ساتھ گھناؤنا مذاق، بجلی کمپنیوں کی جانب سے ایوریج بل بھیجنے اور زیادہ بلنگ کا انکشاف
کیپشن: فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی سمیت دیگر بجلی کمپنیوں کی جانب سے صارفین کو ایوریج بل بھیجنے اور 30 روز سے زیادہ بلنگ کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی جانب سے بنائی گئی انکوائری کمیٹی نے اپنی تحقیقات مکمل کر لی ہیں جس میں اہم تفصیلات سامنے آئی ہیں۔

تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ سامنے آنے کے بعد نیپرا نے اعلامیہ جاری کردیا ہے جس کے مطابق بجلی کمپنیوں نے صارفین کو ایوریج بل بھیجے اور 30 روز سے زیادہ بلنگ کی۔

اعلامیے کے مطابق نیپرا کے الیکٹرک سمیت دیگر ذمہ دار بجلی کمپنیوں کیخلاف قانونی کارروائی کرے گا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بجلی کمپنیوں کے اس اقدام سے لاکھوں صارفین متاثر ہوئے۔ ’جن صارفین کے میٹر خراب تھے انہیں تبدیل نہ کرنے پر بجلی کمپنیوں نے ایوریج بل بھیجے‘ ۔

یہ بھی پڑھیے: سی این جی سٹیشنز کو گیس کی سپلائی شروع 

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بجلی کمپنیوں نے جان بوجھ کر بددیانتی کا مظاہرہ کیا ہے۔ اور اس اقدام سے نپیرا کو بلات کی مد میں وصولی کم رہی۔

نیپرا نے بتایا ہے کہ اس انکشاف کے بعد بجلی کمپنیوں کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے وضاحت مانگی گئی ہے اور یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ جن صارفین کے میٹر خراب ہیں ان کو 30 روز میں تبدیل کیا جائے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اگر کمپنیوں نے خراب میٹرز کو بروقت تبدیل نہ کیا اور غلط بلوں کو درست نہ کیا تو کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

واضح رہے کہ حال ہی میں بجلی کے زیادہ بلوں کے معاملے پر عوام نے ملک گیر احتجاج کیا تھا جس کی وجہ سے حکومت کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔