کراچی کنگز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پشاور زلمی کو ہرا دیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)پی ایس ایل 6 کے 13ویں میچ میں کراچی کنگز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پشاور زلمی کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔
تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل 6 کے 13ویں میچ میں کراچی کنگز نے پشاور زلمی کی جانب سے دیا جانے والا 189 رنز کا ہدف آخری اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، بابر اعظم اور محمد نبی نے شاندار نصف سنچریاں اسکور کیں۔
بابر اعظم نے ناقابل شکست 77رنز کی اننگز کھیلی اور محمد نبی 68 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔محمد نبی اور بابر اعظم کے علاوہ کوئی کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکا۔ شرجیل خان بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، جو کلارک 17 رنز بناسکے، کولن انگرام بھی 3 رنز پر ہمت ہار گئے، ڈینئل کرسٹن 12 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے۔
پشاور زلمی کی جانب سے ثاقب محمود نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، محمد عمران اور محمد عرفان ایک، ایک وکٹ حاصل کرسکے۔اس سے قبل پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو جیت کیلئے ایک سو نواسی رنز کا ہدف دیا تھا۔
کراچی کنگز نے پاور پلے میں پشاور زلمی کے تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، تین کھلاڑی آوٹ ہونے کے بعد پشاور زلمی کے بوپارا اور ردرفورڈ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔بوپارانے 57 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ ردرفورڈ 32 گیندوں پر چھیالیس رنز بناکر آئوٹ ہوئے، اختتامی اوورز میں عماد بٹ نے سات گیندوں پر ستائیس رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔
کراچی کنگز کے عباس آفریدی اور محمد الیاس نے دو دو جبکہ ڈین کرسٹن نے ایک شکار کیا۔کراچی کنگز نے آج کے میچ کیلئے ٹیم میں ایک تبدیلی کی تھی، وقاص مقصود کی جگہ عباس آفریدی کو ٹیم میں شامل کیا گیا، دیگر کھلاڑیوں میں بابراعظم، شرجیل خان، کولن انگرام، جو کلارک، محمد نبی، ڈینیل کرسچن، محمد الیاس، محمد عامر اور ارشاد اقبال شامل تھے۔
یاد رہے کہ پی ایس ایل سیزن سکس میں اب تک تمام ٹیمیں چار چار میچز کھیل چکی ہیں، پوائنٹس ٹیبل پر اس وقت پشاور زلمی پہلے، اسلام آباد یونائیٹڈ دوسرے، لاہور قلندرز تیسرے، کراچی کنگز چوتھے، ملتان سلطانز پانچویں اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز آخری نمبر پر موجود ہے۔