سانحہ کاہنہ پر تعزیت کا سلسلہ جاری، حافظ نعیم الرحمان کا متاثرہ مقام کا دورہ

Jul 03, 2026 | 19:26:PM
سانحہ کاہنہ پر تعزیت کا سلسلہ جاری، حافظ نعیم الرحمان کا متاثرہ مقام کا دورہ
سورس: 24 نیوز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(آفاق نذیر) سانحہ کاہنہ کو تین روز گزر جانے کے باوجود متاثرہ خاندانوں سے تعزیت اور اظہارِ یکجہتی کے لیے آنے والوں کا سلسلہ جاری ہے۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کاہنہ میں واقع متاثرہ ٹیوشن سینٹر کا دورہ کیا اور سانحے میں جاں بحق ہونے والے 14 بچوں کے لواحقین سے ملاقات کرکے تعزیت کی۔ انہوں نے جاں بحق بچوں کے بلند درجات کے لیے دعا بھی کی، اس موقع پر ان کے ہمراہ امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین ایڈووکیٹ سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

حافظ نعیم الرحمان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’پھول جیسے بچے اس دنیا سے رخصت ہوگئے، دل انتہائی رنجیدہ ہے‘‘، انہوں نے الزام عائد کیا کہ علاقے میں بنیادی سہولیات کی شدید کمی کے باعث ریسکیو اور امدادی کارروائیوں میں مشکلات پیش آئیں، جبکہ کئی بچے راستے میں ہی دم توڑ گئے۔

انہوں نے کہا کہ یہ علاقے لاہور کی اصل آبادیاں ہیں جہاں بنیادی ترقیاتی کام نظر انداز کیے گئے ہیں۔ ان کے مطابق ایسی کئی بستیاں پورے پنجاب میں موجود ہیں جہاں سہولیات کا فقدان ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے پنجاب حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ محض چند لاکھ روپے کے چیک تقسیم کرنے سے مسائل حل نہیں ہوتے، جبکہ سرکاری اسکولوں میں بنیادی سہولیات کی کمی اور لاکھوں بچوں کا اسکول سے باہر ہونا لمحہ فکریہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ متاثرہ خاندانوں کے ساتھ تعاون جاری رکھا جائے گا اور عوامی حقوق کے لیے جدوجہد جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر عوام کو ان کے حقوق نہ دیے گئے تو ایسے واقعات کا سلسلہ نہیں رُکے گا۔

یہ بھی پڑھیں :وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل کی علی خامنہ ای کے تعزیتی اجتماع میں شرکت