کوئٹہ سے پشاور جانیوالی بس کھائی میں گرگئی ، 40 مسافرجاں بحق،متعدد زخمی

وزیرِ اعظم شہباز شریف اوربلاول بھٹو زرداری کا حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہارافسوس

Jul 03, 2026 | 10:11:AM
کوئٹہ سے پشاور جانیوالی بس کھائی میں گرگئی ، 40 مسافرجاں بحق،متعدد زخمی
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(عیسیٰ ترین، اویس کیانی ) خیبر پختونخوا کے علاقے دانہ سر میں مسافر بس گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں 40 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔
 ڈی سی شیرانی ولی خان کاکڑکے مطابق ضلعی انتظامیہ شیرانی کی ریسکیو ٹیمیں اور ایمبولینسز فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، حادثے میں 40 سے زائد افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہیں۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق مسافر بس کوئٹہ سے پشاور جا رہی تھی کہ ژوب اور ڈیرہ اسماعیل خان کے درمیانی علاقے دانا سر میں افسوسناک حادثہ پیش آگیا،دشوار گزار علاقے کے باوجود ریسکیو ٹیمیں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔

 اسسٹنٹ کمشنر شیرانی حبیب ناصر کے مطابق بس بلوچستان سے پشاور جارہی تھی، جس میں 48 مسافر سوار تھے۔ حادثے میں چالیس مسافر جاں بحق اور آٹھ زخمی ہوئے، جنہیں اسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔

 یہ بھی پڑھیں:آج کہاں کہاں بادل برسیں گے؟محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کردی

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے سرحدی علاقے شیرانی دانہ سر میں بس حادثے کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم نے المناک حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی بلندی درجات اورزخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کی دعا اور انہیں ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

 چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی بلوچستان کے ضلع ژوب میں بس حادثے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہاہے کہ قیمتی جانوں کا ضیاع باعثِ صدمہ ہے،میری ہمدردیاں افسوس ناک حادثہ میں اپنے پیاروں کو کھونے والے خاندانوں کے ساتھ ہیں،یقین ہے کہ متعلقہ حکام حادثے کے زخمیوں کے بہتر علاج معالجہ کو یقینی بنائیں گے۔
 بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ بس حادثہ کے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہوں،متعلقہ حکام آئندہ اس طرح کے حادثات کی روک تھام کے لئے بھی مؤثر اقدامات کریں۔

وفاقی وزیرمواصلات عبدالعلیم خان نے  بھی المناک بس حادثے پر دکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر پوری قوم غمزدہ ہے، مشکل کی گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں، اللہ مرحومین کو جوار رحمت میں جگہ اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔