صدر مملکت اور وزیراعظم کاشب برأت پر اہم پیغام

Feb 03, 2026 | 21:05:PM
صدر مملکت اور وزیراعظم کاشب برأت پر اہم پیغام
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(اویس کیانی) شبِ برأت کے موقع پر صدرِ اسلامی جمہوریہ پاکستان آصف علی زرداری نے قوم کے نام پیغام میں کہا ہے کہ شبِ برأت اسلامی تقویم کی نہایت بابرکت راتوں میں سے ایک ہے، جو پندرہویں شعبان المعظم کو آتی ہے۔ اس مقدس رات کو الّلہ تعالیٰ کی رحمت، مغفرت اور بندوں کے لیے فیصلوں کی رات قرار دیا گیا ہے۔ یہ رات انسان کو توبہ و استغفار، محاسبۂ نفس اور الّلہ تعالیٰ کی طرف رجوع کا خصوصی اور قیمتی موقع فراہم کرتی ہے۔ علمائے کرام کے مطابق شبِ برأت وہ مبارک رات ہے جس میں بخشش، رحمت اور نجات کے فیصلے صادر ہوتے ہیں۔

صدر مملکت کاکہناتھا کہ شبِ برأت امتِ مسلمہ کے لیے اللہ تعالیٰ کی خصوصی عنایات، رحمت اور مغفرت حاصل کرنے کی عظیم رات ہے۔ اس بابرکت موقع پر میں پوری پاکستانی قوم کو دلی پیغامِ خیر پیش کرتا ہوں۔ یہ رات ہمیں اللہ تعالیٰ کی بے پایاں رحمت، اس کے کرم و فضل اور بندوں کے ساتھ اس کی شفقت کی گہری یاد دہانی کراتی ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے کہاکہ شبِ برات ہمیں دعوت دیتی ہے کہ ہم اپنے اعمال کا سنجیدگی سے محاسبہ کریں، الّلہ تعالیٰ کے حضور خلوصِ دل کے ساتھ توبہ کریں، اور اپنی انفرادی و اجتماعی زندگیوں کو نیکی، تقویٰ اور اصلاح کی راہ پر گامزن کریں۔ یہ مقدس رات انسان کو اپنی کوتاہیوں پر ندامت اور مستقبل کے لیے بہتر اور درست راستہ اختیار کرنے کی ترغیب دیتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ اسلام ہمیں صبر، درگزر، رحم دلی اور باہمی ہمدردی کا درس دیتا ہے، اور شبِ برات ان اعلیٰ اخلاقی اقدار کو اپنانے کا عملی موقع فراہم کرتی ہے۔ یہ رات ہمیں یاد دلاتی ہے کہ الّلہ تعالیٰ کی رحمت بے حد و حساب وسعت کی حامل ہے جس میں وہ اپنے بندوں کے لیے مغفرت کے دروازے کھول دیتا ہے۔

صدر مملکت کاکہناتھا کہ میں اس موقع پر قوم سے اپیل کرتا ہوں کہ ہم شبِ برات کی برکتوں سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے ایک دوسرے کے حقوق کا احترام کریں، معاشرے میں امن، برداشت اور رواداری کو فروغ دیں، اور ملک کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لیے اپنا مثبت اور تعمیری کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہاکہ آج جب پاکستان کو مختلف نوعیت کے چیلنجز کا سامنا ہے، شبِ برأت ہمیں امید، اصلاح اور باہمی اتحاد کا  پیغام دیتی ہے۔ یہ رات ہمیں اس عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتی ہے کہ ہم ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر قومی مفاد اور اجتماعی بھلائی کو مقدّم رکھیں۔

میں اس مقدّس رات الّلہ تعالیٰ کے حضور دعا گو ہوں کہ وہ پاکستان کو امن و سلامتی، معاشی استحکام اور قومی یکجہتی سے نوازے، ہمیں ایک دوسرے کے لیے آسانیاں پیدا کرنے کی توفیق عطا فرمائے، اور ہماری کوششوں کو ملک و قوم کی فلاح کے لیے شرفِ قبولیت بخشے۔

الّلہ تعالیٰ ہمیں شبِ برات کے پیغام کو صحیح معنوں میں سمجھنے، اس پر عمل کرنے اور اپنی زندگیوں میں مثبت اور دیرپا تبدیلی لانے کی توفیق عطا فرمائے۔ 

وزیراعظم شہباز شریف نے شب برأت 15 شعبان 1447 پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ  پاکستان اور دنیا بھر کے مسلمانوں کو شب برأت کے بابرکت اور روح پرور موقع پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

وزیراعظم پاکستان کاکہناتھا کہ پندرہویں شعبان المعظم کی یہ مقدس رات اللہ بزرگ و برتر کے حضور اپنے اعمال پر نظر ثانی اور دانستہ غیردانستہ کوتاہیوں پر استغفار اور تزکیہ نفس کا موقع فراہم کرتی ہے۔ یہ مبارک شب مسلمانوں کو اللہ کے فضل و کرم، رحمت، برکات اور بخشش کا طلبگار ہونے کا موقع فراہم کرتی ہے۔ اللہ تعالی اس مبارک شب کی روحانی قدر و منزلت سے  مسلمانوں کو مستفید ہونے کی سعادت عطا فرمائے۔ 

وزیراعظم شہبازشریف کاکہناتھا کہ بے شک یہ عظیم اور مقدس رات اللہ تبارک تعالیٰ کی خصوصی عنایت ہے اور مسلمانوں کے ایمان اور اللہ کی اطاعت جیسی مذہبی اقدار کو ترو تازہ کرتی ہے۔ شب برات  اعمال انسانی کا خلوص نیت سے محاسبہ کرنے کے ساتھ ساتھ  دلی توبہ اور ہدایت ایزدی کا طالب ہونے کا نام ہے۔ بے شک یہ شب باعث ترغیب ہے کہ اپنی انفرادی و اجتماعی زندگی کی اصلاح  کرتے ہوتے نیکی اور  تقوی کو مشعل راہ بنایا جائے۔ 

انہوں نے کہاکہ اللہ تعالی ہم سب کو اعمال کی درستگی کی راہ پر چلتے ہوے اسوہ حسنہ پر  عمل پیرا ہونے کی سعادت عطا فرمائے۔ تاکہ ہم سماجی سطح پر  نیکی ، رحم دلی ،عدل و انصاف اور دیگر مثبت اقدار کو رائج کر سکیں۔ اس موقع پر میں قوم سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ  اس مبارک شب انفرادی تزکیہ کے ساتھ بحیثیت قوم بھی اپنے فرائض کا تزکیہ کریں۔ 

شب برأت کی ان با برکت ساعتوں میں ہم دست بدعا ہیں کہ اللہ تعالیٰ ملک عزیز  کو  امن و استحکام، یکجہتی، باہمی اتحاد اور ترقی و خوشحالی کا گہوارہ بنا ئیں اور ملکی استحکام اور ترقی اور خوشحالی کے لئے تعمیری کردار ادا کریں۔

دیگر کیٹیگریز: پاکستان - قومی
ٹیگز: