" شراب کی بوتل کو دم والا پانی بنادیا"، رابی پیرزادہ نے بھانڈہ پھوڑ دیا

Feb 03, 2024 | 15:04:PM
کیپشن: فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)اسلام کی خاطر شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرنے والی سابقہ گلوکارہ رابی پیرزادہ نے راحت فتح علی خان کی ملازم پر تشدد کی وائرل ویڈیو کے بعد پیش آنے والے واقعے پر اپنا ردعمل دے دیا۔

خیال رہے کہ چند روز قبل معروف پاکستانی گلوکار راحت فتح علی خان کی ایک ویڈیو نے سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی،ویڈیو میں گلوکار اپنے طالب علم تشدد کرتے دکھائی دیے تھے،ویڈیو میں راحت فتح علی خان اپنے ملازم پر شدید غصہ کرتے ہوئے ایک بوتل کے متعلق پوچھ رہے تھے اور ساتھ ساتھ اس کی پٹائی بھی کر رہے ہیں۔

 اس معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے بعد راحت فتح علی خان نے کہا تھا کہ "میں اس بوتل کی حقیقت بتانا چاہتا ہوں جس کا سب سوشل میڈیا پر مذاق بنا رہے ہیں کہ وہ کوئی دوسری بوتل تھی، اُس بوتل میں میرے پیر کا دم کیا ہوا پانی تھا اور وہ بوتل اُس شاگرد سے کھو گئی تھی"،انکا شاگرد بھی اس چیز کی وضاحت دیتا ہے.

راحت فتح علی خان نے ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے تمام فینز، ساتھی فنکار، میوزک ڈائیریکٹرز سے معافی مانگی اور آئندہ ایسی غلطی نہیں کرنے کا وعدہ کیا۔

بعدازاں کئی مشہور شخصیات نے راحت فتح علی خان کے اپنے شاگرد کے ساتھ نامناسب رویے پر غصے کا اظہار کیا اور کہا کہ گلوکار سے اپنی شہرت سنبھالی نہیں جارہی، اسی لیے صرف ایک بوتل کے پیچھے شاگرد پر بدترین تشدد کررہے ہیں۔

اب سابقہ گلوکارہ رابی پیرزادہ نے یوٹیوب پر اپنی ویڈیو اپلوڈ کی جس میں اُنہوں نے راحت فتح علی خان کی وائرل ویڈیو پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

 رابی پیرزادہ نے کہا کہ "میں گزشتہ دنوں سے راحت فتح علی خان کی ویڈیو دیکھ رہی تھی، شروعات میں اس معاملے پر بات نہیں کرنا چاہتی تھی کیونکہ میں اب میوزک انڈسٹری کا حصہ نہیں ہوں تو اس انڈسٹری سے وابستہ فنکار میرے بولنے پر تنقید کرسکتے ہیں لیکن پھر میرے ضمیر نے مجھے خاموش رہنے کی اجازت نہیں دی"۔

اُنہوں نے کہا کہ "میں آپ کو بتاتی چلوں کہ یہ بڑے گلوکار اپنے شاگردوں کو مفت میں رکھتے ہیں، یہ اپنے شاگردوں کو بمشکل ہی معاوضہ دیتے ہیں، یہ نامور گلوکار اپنے شاگردوں کو موسیقی سیکھانے کی لالچ دیکر ان سے اپنے گھر کے تمام کام کرواتے ہیں"۔

رابی پیرزادہ نے کہا کہ "جب کوئی گلوکار کنسرٹ کرتا ہے تو وہ کروڑوں میں معاوضہ لیتا ہے جبکہ وہ اپنے ان شاگرد موسیقاروں کو چند ہزار روپے ادا کرتا ہے اور یہ بڑے گلوکار اپنے شاگرد موسیقاروں کو عزت بھی نہیں دیتے ہیں"۔

اُنہوں نے کہا کہ "بہت سارے لو پروفائل موسیقار ہیں جن کے ساتھ ایسا ہی سلوک کیا جا رہا ہے، موسیقار کے بغیر کنسرٹ نہیں ہو سکتا کیونکہ موسیقار کی وجہ سے ہی کنسرٹ ہٹ یا فلاپ ہوتا ہے لیکن ہمارے یہاں گلوکار کو تو عزت دی جاتی ہے، کروڑوں روپے دیتے جاتے ہیں جبکہ موسیقاروں کو کوئی نہیں پوچھتا اور وہ اپنی ساری زندگی ان گلوکاروں کی خدمت میں گزار دیتے ہیں"۔

رابی پیرزادہ نے کہا کہ"راحت فتح علی خان کی اپنے شاگرد پر تشدد کی ویڈیو دیکھنے کے بعد مجھے یقین ہو گیا کہ اُن کا شاگرد بھی اُن کے گھر میں مفت میں کام کررہا ہے،راحت صاحب نے اپنے شاگرد سے موسیقی سیکھانے کا وعدہ کیا ہوگا اور بدلے میں اپنے گھر کی ملازمت کروارہے ہیں"۔

انہوں نے راحت فتح علی خان سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ "آپ نے شراب کی بوتل کو دم کا پانی بناکر سب کے سامنے پیش کیا، آپ اُس بوتل کو کوئی دوسرا نام بھی دے سکتے تھے اور اب آپ کہہ رہے ہیں کہ آپ کی ملازمین پر تشدد کرنے کی دیگر ویڈیوز بھی لیک ہوں گی کیونکہ آپ کے حساب سے آپ کے خلاف پروپیگنڈہ کیا جارہا ہے"۔

رابی پیرزادہ نے مزید کہا کہ "آپ نے غلطی کی ہے، اسی لیے تو ویڈیوز منظر عام پر آرہی ہیں،ہم سب سے غلطیاں ہوتی ہیں، مجھ سے بھی ماضی میں بہت غلطیاں ہوئی ہیں، میں آپ کو یہی مشورہ دوں گی کہ عوام سے معافی مانگنے کے بجائے اللہ تعالیٰ سے معافی مانگیں"۔