صدرآصف زرداری اور ایرانی ہم منصب کی ملاقات،دو طرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(اویس کیانی)صدر مملکت آصف علی زرداری اور اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کی ایوانِ صدر میں ملاقات ہوئی ہے۔صدر مملکت نے ایرانی ہم منصب کا ایوانِ صدر میں پُرتپاک خیرمقدم کیا۔
ملاقات میں پاکستان اور ایران کا دو طرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔دونوں ممالک نے وسیع اور باہمی فائدے کے حامل شعبوں میں تعلقات بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
صدر آصف علی زرداری نے کہاکہ پاکستان اور ایران کے برادرانہ تعلقات مشترکہ مذہب، ثقافت اور باہمی احترام پر مبنی ہیں
دونوں رہنماؤں نے تنازعات کو بڑھنے سے روکنے اور خطے میں امن و استحکام کیلئے مربوط سفارتی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔صدر آصف علی زرداری نے علاقائی معاملات پر ایران کے اصولی مؤقف کو سراہا ۔
صدر نے خطے میں تعاون کیلئے تہران کی مستقل حمایت پر اظہار تشکر کیا۔صدر مملکت نے مشکل وقتوں میں ایران کی یکجہتی پر شکریہ ادا کیا ۔
صدر آصف زرداری نے کہاکہ پاکستان اور ایران خطے کے پُرامن اور خوشحال مستقبل کے لیے مل کر کام جاری رکھیں گے ۔
صدر آصف علی زرداری نے رہبرِ معظم آیت اللہ سید علی خامنہ ای کا جموں کشمیر پر بھارتی غیر قانونی قبضے کے خلاف عوام کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا ۔
صدر آصف علی زرداری نے ایران کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی سخت مذمت کی۔صدر نے 12 روزہ جنگ کے دوران ایرانی قوم کی جرأت اور اتحاد کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
صدر آصف علی زرداری نے امید ظاہر کی کہ صدر پزشکیان کا دورہ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا ۔
صدر مسعود پزیشکیان نے 12 روزہ جنگ کے دوران پاکستان کی قیادت اور عوام کی حمایت پر شکریہ ادا کیا ۔صدر پزشکیان نے کہا کہ پاکستان نے کشیدگی میں کمی اور تنازعات کے پُرامن حل کیلئے تعمیری کردار ادا کیا۔