کراچی میں 60 لاکھ روپے کے جعلی نوٹ برآمد، ’’ایک لاکھ کا پیکٹ 16 ہزار روپے میں‘‘

Sep 02, 2025 | 21:28:PM
کراچی میں 60 لاکھ روپے کے جعلی نوٹ برآمد، ’’ایک لاکھ کا پیکٹ 16 ہزار روپے میں‘‘
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)کراچی پولیس نے رات کی تاریکی میں کارروائی کرتے ہوئے 60 لاکھ روپے کی جعلی کرنسی برآمد کرلی، یہ کارروائی 19 اگست 2025 کی رات کی گئی، پولیس کو پہلے ہی اطلاع مل چکی تھی کہ بھاری مقدار میں جعلی نوٹ کراچی پہنچائے جا رہے ہیں۔

تلاشی کے دوران جب بیگ کھولا گیا تو درجنوں پیکٹ برآمد ہوئے، ہر پیکٹ میں ایک لاکھ روپے کے نوٹ تھے بعد ازاں ان نوٹوں کو جانچنے پر پتہ چلا کہ یہ سب کے سب جعلی ہیں۔ ملزم نے ابتدائی تفتیش میں یہ اعتراف کیا کہ وہ کئی ماہ سے یہ کام کر رہا ہے۔

ایس ایچ او گڈاپ سرفراز جتوئی نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’گرفتار ملزم کی شناخت اسفند کے نام سے ہوئی ہے جو پشاور کا رہائشی ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ پولیس نے اسفند کی گرفتاری کے بعد اپنی تفتیش تیز کر دی ہے۔ اب سی سی ٹی وی فوٹیجز، موبائل ڈیٹا اور دیگر ریکارڈز کی مدد سے اس نیٹ ورک کے باقی افراد تک پہنچنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسفند کی نشاندہی پر دیگر افراد کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔ پولیس کی ٹیمیں پہلے ہی متحرک ہو چکی ہیں اور امکان ہے کہ جلد مزید گرفتاریاں سامنے آئیں گی۔

ملزم نے انکشاف کیا کہ وہ یہ نوٹ درہ کے علاقے سے لے کر آیا ہے، جہاں جعلی کرنسی کی تیاری اور تقسیم کا ایک منظم دھندا ہو رہا ہے۔ اس کے مطابق ایک لاکھ روپے مالیت کے جعلی نوٹ صرف 16 سے 17 ہزار روپے میں دستیاب ہوتے ہیں، اور کوریئر کو فی پیکٹ دو ہزار روپے کمیشن دیا جاتا ہے۔ اس بار وہ چوں کہ ساٹھ لاکھ روپے کے نوٹ کراچی لا رہا تھا تو اس لیے اسے ایک لاکھ روپے معاوضہ ملنے والا تھا۔

اس اعتراف سے یہ بات کھل کر سامنے آئی ہے کہ اس پورے دھندے میں کوئی ایک شخص نہیں بلکہ ایک منظم نیٹ ورک ملوث ہے۔

یہ بھی پڑھیں :اسرائیلی فوج کی سفاکیت انتہا کو پہنچ گئی،غزہ پر حملوں میں 100فلسطینی شہید