رکن اسمبلی پر ریپ کا الزام،پولیس گرفتار کرنے پہنچی تو فائرنگ کرکے فرار
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)بھارت کی ریاست پنجاب میں آبروریزی کے الزام میں گرفتارعام آدمی پارٹی رکن اسمبلی ہرمیت سنگھ پٹھان ماجرا پولیس کوچکما دے کر فرار ہوگیا۔ گرفتاری کےدوران اس نے پٹیالہ پولیس پرفائرنگ کی،جس میں ایک پولیس اہلکار کے زخمی ہوا ۔ پولیس نے ایک خاتون جو کہ رکن اسمبلی کی بیوی بتاتی ہے ،کی شکایت پر ہرمیت سنگھ کو گرفتار کرنے کی کوشش کی ۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق خود کو رکن اسمبلی کی بیوی ظاہر کرنیوالی زیرک پور کی خاتون نے ہرمیت سنگھ پر آبروریزی کا الزام لگایا ہے۔ہرمیت سنگھ کو آج پٹیالہ پولیس نے عصمت دری کے معاملے میں گرفتار کیا۔گرفتاری کے کچھ دیربعد ہی وہ پولیس کی گرفت سے فرارہوگیا۔ان پر آئی پی سی کی دفعہ 376 (ریپ) کے تحت الزام عائد کیا گیا ہے۔اس معاملے پرپنجاب کی سیاست میں ہلچل مچ ہے۔اس معاملے نے پنجاب میں عام آدمی پارٹی کی داخلی رسہ کشی کوطشت ازبام کردیا ہے۔کچھ دن قبل ہی ہرمیت سنگھ نے سیلاب کی صورتحال پر اپنی ہی حکومت سے سوالات کئےتھے۔ملزم رکن اسمبلی پہلے شومنی اکالی دل اور کانگریس سے بھی وابستہ رہے ہیں ۔ہرمیت سنگھ پٹھان ماجرا پٹیالہ کے سنور سے رکن اسمبلی ہیں ۔ انہوں نے 2022 کے پنجاب اسمبلی کے انتخابات میں بڑے فرق سے کامیابی حاصل کی تھی۔ انہوں نے اکالی دل کے ہریندر پال سنگھ چندوماجرا کو تقریباً 50 ہزار ووٹوں سے ہرایاتھا ۔ ان کا سیاسی سفر متنازع رہا ہے۔ 1994 میں اکالی دل سے شروعات کرنے والے ہرمیت کئی پارٹیوں میں رہ چکے ہیں، جن میں من پریت بادل کی پارٹی، کانگریس اور پنجاب ایکتا پارٹی شامل ہیں۔ آخر کار، وہ 2020 میں عام آدمی پارٹیAAP میں شامل ہو گئے۔ انہوں نے اکثر عوامی مسائل کو اٹھایا ہے۔ حال ہی میں انہوں نے سینئر افسران بالخصوص محکمہ آبپاشی کے پرنسپل سکرٹری کرشنا کمار کو پنجاب میں سیلاب کے بحران کا ذمہ دار ٹھہرایا۔حکومت سے سوالات پوچھنے پر انکی سیکورٹی واپس لے لی گئی اور ان کے علاقے کے تھانوں کے ایس ایچ اوز کو تبدیل کر دیا گیا۔ 2 ستمبر کو ہرمیت نے فیس بک لائیو کے ذریعے بتایا کہ پنجاب پولیس نے ان کی سابقہ بیوی کے ایک پرانے معاملے میں دفعہ 376 کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ انہوں نے AAP کی دہلی یونٹ پر ان کی آواز کو دبانے کا الزام بھی لگایا۔ پولیس نے اسی دن انھیں گرفت میں لے لیا لیکن وہ فرار ہو گیا۔
ایم ایل اے ہرمیت سنگھ پٹھان ماجرا کے خلاف درج ایف آئی آر کے مطابق پٹھان ماجرا پر عصمت دری، دھوکہ دہی اور مجرمانہ دھمکی دینے کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ یہ مقدمہ زیرک پور کی ایک خاتون کی شکایت پر درج کیا گیا تھا، جس نے الزام لگایا تھا کہ ایم ایل اے نے خود کو طلاق شدہ کے طور پر متعارف کرایا، اوراس کے ساتھ تعلقات قائم کیے اور بعد میں شادی شدہ ہونے کے باوجود 2021 میں اس سے شادی کرلی۔ اس نے ایم ایل اے پر مسلسل جنسی ہراسانی، دھمکیاں دینے اور اسے فحش مواد بھیجنے کا الزام لگایا۔
یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی کے مزید 28 اراکین اسمبلی قائمہ کمیٹیوں سے مستعفی