موسلا دھار بارشیں،مکان کی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق ، بس سروس معطل
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز )مون سون کا طوفانی اسپیل مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش، نشیبی علاقے پانی میں ڈوب گئے،مکان کی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق ،2 بچے زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق مون سون کے طوفانی سپیل سے اسلام آباد ، پنجاب، خیبر پختونخوا کے نشیبی علاقے پانی میں ڈوب گئے،وفاقی دارالحکومت میں مختلف سیکٹر میں شاہراہیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں۔
بھارہ کہو کے علاقے میں کئی کئی فٹ پانی جمع ہوگیا، خیابان سرسید ضیا کالونی میں برساتی نالہ بپھر گیا، پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہوگیا۔
یہ بھی پڑھیں:سٹار فاسٹ بولر کا ٹی ٹونٹی سے ریٹائرمنٹ کا اعلان
خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی بادل جم کر برسے ،خیبر میں بارش سے باڑہ بازار اور برساتی نالوں میں طغیانی آگئی ، بونیر اور مہمند میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔
پشاور میں شدید بارش کے باعث بی آر ٹی بس سروس معطل کر دی گئی ،ضلع خیبر میں مکان کی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق ،2 بچے زخمی ہوگئے۔
بارشوں سے نالہ لئی میں پانی کی سطح 19 فٹ تک بلند ہوگئی، خطرے کے باعث ہنگامی سائرن بجا دیئے گئے، نالہ لئی کے اطراف رہائش پذیر لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقلی کی ہدایت کر دی گئی۔
لاہور کے مختلف علاقوں میں بھی بادل خوب برسے، رات گئے تک بارش ہوتی رہی، ہری پور اور گردونواح میں تیز بارش ہوئی۔
برساتی نالوں میں طغیانی، مظفرآباد اور باغ میں جم کر بادل برسے، مالا کنڈ، بٹ خیلہ اور گردونواح میں بھی گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی، بالائی علاقوں کی شاہراہوں پر لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بڑھ گیا۔
بونیر کے علاقے پیر بابا اور مضافات میں بھی طوفانی بارش ہوئی، پانی بازار میں داخل ہوگیا، بارش کے باعث شہریوں میں خوف وہراس پھیل گیا، بونیر میں ہنگامی صورتحال پیدا ہوگئی، لوگ محفوظ مقامات پر منتقل ہوگئے۔